news
English

میکسویل کی اننگزپربوکھلائے افغان کرکٹرز پاکستانی پلئیرز پرطنز کرنےلگے  

بابر اعظم سے بیٹ کا تحفہ لینے والے رحمان اللہ گرباز اور نوین الحق سوشل میڈیا پر پاکستانی کھلاڑیوں پر تنقید کرنے لگے۔

میکسویل کی اننگزپربوکھلائے افغان کرکٹرز پاکستانی پلئیرز پرطنز کرنےلگے  

بھارت میں جاری دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں آسٹریلوی بلے باز گلین میکسویل کے ہاتھوں شکست نے افغان کرکٹرز کو بوکھلا کر رکھ دیا۔ 
گزشتہ روز آئی سی سی کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان ٹریننگ کے دوران آسٹریلوی بیٹر گلین میکسویل کے نو فٹ ورک انداز کو اپنانے کی کوشش کرتے دکھائی دے رہے تھے، ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد افغان کرکٹرز کو آسٹریلوی بیٹر کے ہاتھوں 201 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز سے ملنے والی ہار یاد آگئی اور انہوں نے پاکستانی کرکٹرز پر طنز کرنا شروع کردیا۔ 
پاکستان کو شکست دینے کے بعد کپتان بابراعظم سے بیٹ کا تحفہ لینے والے افغان اوپنر رحمان اللہ گرباز اور ویرات کوہلی کے علاوہ کئی پاکستانی کرکٹرز سے الجھنے والے نوین الحق نے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کی ہے جس میں لکھا کہ “نو فٹ ورک لیکن! پروگرام تو ابھی سے وڑ گیا ہے (یعنی کھیل ہاتھ سے نکل گیا ہے)۔  
قبل ازیں افغان کرکٹرز آسٹریلوی بیٹر گلین میکسویل کے سامنے بے بس نظر آئے،صرف 91 رنز پر7 وکٹیں گرنے کے باوجود201 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر میکسویل نے افغان ٹیم کے سیمی فائنل کھیلنے کی امیدوں کو بری طرح روند ڈالا، اس اننگز کی دنیا بھر میں تعریف کی گئی لیکن یہ افغان کرکٹرز کو ایک آنکھ نہ بھائی۔
 
دوسری جانب نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سری لنکا کی ہار کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل کھیلنے کی امیدیں بھی دم توڑ رہی ہیں، قومی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف ناقابل یقین انداز میں میچ جیتنا ہوگا جس کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ 
دونوں افغان کرکٹرز کی انسٹا اسٹوری پر پاکستانی شائقین کرکٹ نے شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان کرکٹرز کو جس پاکستان نے اس مقام تک پہنچایا، انہیں عزت دی آج وہ گھٹیا حرکتوں پر اُتر آئے ہیں۔،، 
واضح رہے کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو ملک سے بےدخل کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جس پر افغان حکومت کے ساتھ ساتھ کرکٹرز بھی پاکستان پر سیخ پا ہیں۔