اگر بھارتی بورڈ یا آئی سی سی میں اعلیٰ عہدے پر ہوتا تو پاک بھارت میچ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کوخطیر معاوضہ ادا کرتا،سابق کپتان ویسٹ انڈیزٹیم
ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور جارح مزاج بیٹر کرس گیل نے بھارت میں ورلڈکپ 2023 کے لئے چار سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے حوالے سے اہم پیشگوئی کی ہے۔ ٹیم ویسٹ انڈیز کےسابق کپتان کرس گیل نے پاک بھارت میچ کی مقبولیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے پاکستان، بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ دنیائے کرکٹ کے روایتی حریف پاکستان اور بھارت جب ایک دوسرے کے مدمقابل ہوتے ہیں تواس شاندار کھیل کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہوجاتا ہے، مجھے لگتا ہے کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ان کھیلوں کے لیے بہت زیادہ رقم کا مطالبہ کرنا چاہیے۔
کرس گیل نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگر وہ بھارتی کرکٹ بورڈ یا آئی سی سی کے اعلیٰ عہدے پرفائز ہوتے تو وہ ان ہائی پروفائل میچوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے لیے نمایاں طور پر زیادہ مالی معاوضہ ادا کرتے۔
دوسری جانب آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے شیڈول کے اعلان کے بعد پاک بھارت میچ کے لئے احمد آباد میں ہوٹلوں کے نرخوں میں 10 فیصد اضافہ ہوگیا ہے، جہاں دونوں ٹیمیں 15 اکتوبرکو ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔
واضح رہے کہ پاک بھارت ٹیمیں احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹکرائیں گی، جہاں ایک لاکھ 32 ہزار سے زائد شائقین لائیو میچ سے لطف اندوز ہوں گے۔