news
English

ٹی20 ورلڈ کپ: امریکا کے ساتھ میچ کے لیے پاکستان کی ممکنہ پلئینگ الیون  

گرین شرٹس کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ حالات تیز گیند بازوں کے لیے سازگار ہیں۔

ٹی20 ورلڈ کپ: امریکا کے ساتھ میچ کے لیے پاکستان کی ممکنہ پلئینگ الیون  

ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں 6 جون کو شیڈول پاکستان بمقابلہ امریکہ کے لیے گرین شرٹس کی ممکنہ پلئینگ الیون سامنے آگئی۔ پاکستان اپنا پہلا ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میچ 6 جون کو ڈلاس، ٹیکساس میں امریکہ کے خلاف کھیلے گا۔ 
ٹیم پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان، جو انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں 59 رنز کی شراکت کے ساتھ اوپننگ جوڑی کے طور پر واپس آئے، اس میچ میں بھی اوپنر کے طور پر جاری رہنے کا امکان ہے۔ عثمان خان، جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میں 21 گیندوں پر 38 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی، نمبر تین پر بیٹنگ کریں گے، جبکہ فخر زمان اپنی معمول کی پوزیشن یعنی نمبر چار پر برقرار رہیں گے۔ 
اعظم خان حالیہ سیریز میں گلوز اور بلے کے ساتھ ناقص کارکردگی کے بعد اعتماد کے مسائل سے دوچار ہیں۔ اس سے پاکستان انہیں صائم ایوب کے ساتھ تبدیل کرنے پر غور کرسکتا ہے۔ اگر صائم ایوب کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا تو وہ ممکنہ طور پر رضوان کے ساتھ اوپننگ کریں گے، جس سے بابر اعظم، عثمان خان اور فخر زمان کو بالترتیب نمبر 3، 4 اور 5 پر جانا پڑے گا۔ 
افتخار احمد کے بارے میں توقع کی جارہی ہے کہ وہ نیچے کے آرڈر میں کھیلیں گے تاکہ ڈیتھ اوورز کے دوران رفتار فراہم کریں۔ عماد وسیم کے زخمی ہونے کی وجہ سے شاداب خان الیون میں واحد اسپیشلسٹ اسپنر ہوں گے جو افتخار کی مدد کے ساتھ اسپن کا شعبہ سنبھالیں گے۔
بابراعظم نے منگل کےروز ایک بیان میں کہا کہ حالات تیز گیند بازوں کے لیے سازگار ہیں، اس لیے پاکستان کے چار پیسرز کے ساتھ جانے کا امکان ہے۔ 
شاہین آفریدی، محمد عامر اور حارث رؤف یقینی طور پر کھیلیں گے، جبکہ عباس آفریدی کو حال ہی میں مہنگے پڑنے والے نسیم شاہ پر ترجیح دی جا سکتی ہے۔ 
اگر گرین شرٹس تین پیسرز کے ساتھ جانے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ابرار احمد پلئینگ الیون میں آئیں گے۔ 
پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ الیون: 
محمد رضوان، بابر اعظم (کپتان)، عثمان خان، فخر زمان، شاداب خان، اعظم خان (وکٹ کیپر)، افتخار احمد، شاہین آفریدی، نسیم شاہ یا عباس آفریدی یا ابرار احمد، محمد عامر اور حارث رؤف۔