news
English

ورلڈکپ: پاکستان آج اہم مقابلے میں سری لنکا کے مقابل آئے گا

حیدرآباد کے راجیو گارندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1:30 بجے شروع ہوگا۔

ورلڈکپ: پاکستان آج اہم مقابلے میں سری لنکا کے مقابل آئے گا

دونوں ٹیمیں آج اہم مقابلے میں حیدرآباد کے راجیو گارندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹکرائیں گی۔ 
تفصیلات کے مطابق  آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے آٹھویں میچ میں آج پاکستان کو سری لنکا کے خلاف فتح کا چیلنج درپیش ہوگا۔ حیدرآباد کے راجیو گارندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ مقامی وقت کے مطابق 1:30 بجے شروع ہوگا، جس کے لیے شائقین کرکٹ پُرجوش ہیں۔ دونوں ٹیمیں ورلڈکپ کے عالمی مقابلوں میں 7 بار آمنے سامنے آئی ہیں جہاں پاکستان کا پلڑا بھاری رہا ہے، گرین شرٹس نے 0-7 سے آئی لینڈرز پر برتری قائم کررکھی ہے۔ 
دوسری جانب ناکامی کی تصویر بنے قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان کو سری لنکا کے خلاف مقابلے میں پلئینگ الیون کا حصہ بنائے جانے کا امکان ہے۔ 
واضح رہے کہ ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں قومی ٹیم نے نیدرلینڈز کو شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ سری لنکا کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں بڑے مارجن سے ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بائیں ہاتھ کے اوپننگ بیٹر فخر زمان کو ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر کی حمایت ملنے کے باوجود پاکستان آؤٹ آف فارم فخر زمان کی جگہ عبداللہ شفیق کو آج کے میچ کے لیے اپنی لائن اپ میں شامل کرنے پر غور کر رہا ہے۔ 
پاکستان کی ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے گذشتہ روز اے ایف پی کو بتایا کہ "میں اس کی فارم سے پریشان نہیں ہوں، وہ ایک اچھا کھلاڑی ہے اور بڑے اسکور سے صرف ایک اننگز دور ہے۔"
ادھر نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے سعود شکیل اپنی شاندار فارم کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہوں گے، جس کا ثبوت ہالینڈ کے خلاف 52 گیندوں پران کا 68 کا شاندار اسکور ہے۔