news
English

پاکستان میں ایشیا کپ: بھارتی ٹیم کو بھیجنے پر منسٹرنے یوٹرن لے لیا

 کراچی:  ایشیا کپ کے لیے بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر وزیر کھیل کا موقف تبدیل ہوگیا، انھوں نے گیند کرکٹ بورڈ کے کورٹ میں ڈال دی۔

پاکستان میں ایشیا کپ: بھارتی ٹیم کو بھیجنے پر منسٹرنے یوٹرن لے لیا

بھارتی کرکٹ بورڈ ہمیشہ پاکستان سے کرکٹ نہ کھیلنے کا باعث اپنی حکومت کو قرار دے کر جان چھڑاتا رہا ہے، اس بار بھی انڈین بورڈ نے ایشیا کپ کے لیے ٹیم پڑوسی ملک بھیجنے سے انکار کیا ہوا ہے۔

گزشتہ برس اکتوبر میں وزیر برائے کھیل انوراگ ٹھاکر نے کہا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے کھلاڑیوں کے پاکستان جانے کا فیصلہ وزارت داخلہ کرے گی مگر اب انہوں نے گیند بی سی سی آئی کے کورٹ میں ڈال دی ہے۔

ناگپور میں میڈیا سے بات چیت کے دوران جب وہ مختلف حکومتی پالیسیز پر بات کررہے تھے تو ان سے بھارتی ٹیم کے ایشیا کپ کے لیے پاکستان جانے سے متعلق سوال کیا گیا، اس پر انوراگ ٹھاکرنے کہا کہ پہلے بھارتی کرکٹ بورڈ کو اس ٹورنامنٹ میں شرکت کے حوالے سے اپنا فیصلہ کرلینے دیں، اس کے بعد ہی وزارت کھیل اور وزارت داخلہ اس بارے میں حتمی فیصلہ کرے گی۔

یاد رہے کہ بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شا نے از خود ہی ایشیا کپ کو پاکستان سے کسی نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کا فیصلہ سنادیا تھا، اس پر نہ صرف پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا تھا بلکہ اس کے مطالبے پر ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ بلائی گئی جس میں معاملے پر غور مارچ تک موخر کیا گیا تھا۔

پی سی بی کی جانب سے یہ واضح کیا گیا ہے کہ اگر بھارتی ٹیم ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں آتی تو پھر اکتوبر میں شیڈول ورلڈ کپ کے لیے گرین شرٹس کو بھی بھارت نہیں بھیجا جائے گا۔

 یہ معاملہ بدستور ہوا میں معلق اور بورڈ کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی آئی سی سی اور اے سی سی میٹنگز میں اس حوالے سے ٹھوس موقف اختیار کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔