news
English

فخرزمان کی شانداربیٹنگ کی بدولت پاکستان نےنیوزی لینڈکوشکست دے دی

ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت پاکستان کو 21 رنز سے فاتح قرار دیا گیا۔

فخرزمان کی شانداربیٹنگ کی بدولت پاکستان نےنیوزی لینڈکوشکست دے دی

آئی سی سی ورلڈکپ کے 35ویں میچ میں فخر زمان کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت نیوزی لینڈ کو 21 رنز سے شکست دے دی۔ 
ورلڈکپ کا 35واں میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان بنگلورو میں قائم چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جس میں پاکستان کی دعوت پر نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو جیت کے لیے 402 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو عبد اللہ شفیق صرف چار رنز بنا کر 6 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر فخر زمان نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر شاندار بلے بازی کی اور 83 گیندوں پر تیز ترین سنچری بنائی۔ دوسرے اینڈ پر کپتان بابر اعظم نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ 
پاکستان نے 21 اوورز میں 159 رنز بنائے تو بارش کے باعث میچ کو روکا گیا، ایک گھنٹے بعد جب برسات رکی تو امپائرز نے ڈی ایل ایس قانون کے تحت ہدف کو 342 رنز تک محدود کر کے نو اوورز کم کیے۔ میچ شروع ہونے کے بعد 24 گیندیں کھیلی گئیں تو اس دوران پھر بارش شروع ہوگئی جس کے باعث پھر کھیل روک دیا گیا۔ اس وقت تک پاکستان نے 25.3 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رن بنا لیے تھے۔ 
ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت پاکستان نے اکیس رنز زیادہ بنائے جس کے تحت قومی ٹیم کو فاتح قرار دیا گیا۔ 
فخر زمان 81 گیندوں پر 11 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 126 رنز اور بابر اعظم 63 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے واحد وکٹ ٹم ساؤتھی نے حاصل کی۔ 
فخر زمان کو شاندار بیٹنگ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’آج کا دن میرے لیے خوش قسمتی کا دن تھا، اللہ کا شکر ہے کہ میں اچھا کھیل پیش کرنے میں کامیاب ہوا‘۔

نیوزی لینڈ اننگز: 

قبل ازیں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار 400 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ انہوں نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنائے۔ کیوی اوپنرز ڈیون کانوے اور راچن رویندرا نے ٹیم کو 68 رنز کا آغاز فراہم کیا، تاہم کانوے 35 رنز بناکر وکٹ گنوابیٹھے۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں کین ولیمسن اور راچن رویندرا نے 180 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم کپتان ولیمسن نے 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 95 جبکہ راچن رویندرا 108 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیرل مچل 29 اور مارک چیپمین 39، گلین فلپس 41 رنز بناسکے۔ مچل سینٹنر 26 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونئیر نے 3 حارث رؤف، افتخار احمد اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 پاکستان کا اسکواڈ:

کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، فخر زمان، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، آغا سلمان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونئیر، حارث رؤف۔

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ:

کپتان کین ولیمسن، ڈیون کونوے، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مارک چیپمین، مچل سینٹنر، ایش سودھی، ٹم ساؤتھی، ٹرینٹ بولٹ۔