انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سالانہ اَپ ڈیٹ کے بعد نئی رینکنگ جاری کردی، آسٹریلیا کی پہلی پوزیشن برقرار۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹیم رینکنگ کے مطابق پاکستان نے بھارت کو تیسرے نمبر پر دھکیلتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کرلی جبکہ آسٹریلیا 118 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی حالیہ سیریز میں 1-4 سے ہوم گراؤنڈ پر کامیابی سمیٹی اور پانچویں سے دوسری پوزیشن پر آگیا۔
گرین شرٹس آئی سی سی رینکنگ میں 116 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ بھارت ایک پوائنٹ کی کمی سے 115 ریٹنگ کے ہمراہ تیسری پوزیشن پر قابض ہے۔
دیگر ٹیموں میں نیوزی لینڈ 104 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی، انگلینڈ پانچویں، جنوبی افریقہ چھٹی، بنگلہ دیش ساتویں، افغانستان آٹھویں، سری لنکا نویں جبکہ سابق عالمی چیمپئین ویسٹ انڈیز 10 ویں پوزیشن پر موجود ہے۔
بابراعظم کی قیادت میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں پاکستان نے عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی تاہم سیریز میں کلین سوئپ کرنے میں ناکام رہا تھا اور یوں پہلی پوزیشن کا تاج فقط 48 گھنٹے ہی گرین شرٹس کے سر پر سج سکا تھا۔