news
English

پاکستان کا فاسٹ بولنگ اٹیک ورلڈ کپ سے پہلے ہی تذکروں کا محوربن گیا

پاکستان کا فاسٹ بولنگ اٹیک اس وقت دنیائے کرکٹ میں تذکروں کا مرکز بنا ہوا ہے اور ماہرین کرکٹ اس بولنگ اٹیک کو ورلڈ کپ 2023کی ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دے رہے ہیں۔

پاکستان کا فاسٹ بولنگ اٹیک ورلڈ کپ سے پہلے ہی تذکروں کا محوربن گیا

پاکستان کا بولنگ اٹیک اگرچہ دنیائے کرکٹ کی دیگر ٹیموں کے مقابلے میں پہلے سے ہی بہتر تھا لیکن افغانستان کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کی تباہ کن بولنگ کے بعد دنیائے کرکٹ میں پاکستانی فاسٹ بولنگ کے ڈنکے بج رہے ہیں اور اب ماہرین کرکٹ نے اسے بھارت میں کھیلے جانے والے کرکٹ کی دنیا کے سب سے بڑے مقابلے، ورلڈ کپ میں تمام مخالف ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دے دیا ہے۔ 
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کا فاسٹ بولنگ اٹیک دنیا کا مضبوط ترین بولنگ اٹیک ہے جس کو شاداب خان اور محمد نواز کی صورت میں اسپنرز کا تڑکہ مزید تباہ کن بنا دیتا ہے۔
 
پہلے تو قومی ٹیم کے پیسرشاہین شاہ آفریدی ہی مخالف بلے بازوں پر قہر بن کر ٹوٹتے تھے مگر پھر نسیم شاہ غضبناک ہوئے اور اس کے بعد حارث رؤف نے مخالف ٹیموں کے بیٹرز کے لیے خوف کی گھنٹی بجا دی۔ ایسا ہی کچھ دو روز قبل کھیلے گئے پاک افغان میچ میں بھی دیکھا گیا۔ جس میں پاکستانی بولنگ اٹیک نے جس طرح کم اسکور والے میچ کا نہ صرف کامیابی سے دفاع کیا بلکہ حریف ٹیم کو فقط 59 رنز کے کم ترین اسکور پر ڈھیر کر کے تاریخ ساز کامیابی سمیٹی، اس پرفارمنس نے ماہرین کرکٹ کو بھی حیرت میں ڈال دیا۔ 
بھارتی کمنٹیٹر ہارشا بھوگلے نے کہا کہ پاکستان کی فاسٹ بولنگ نے ورلڈ کپ سے پہلے ہی مخالف ٹیموں کو خطرناک سگنل دے دیا ہے۔ جن سے اب تمام ٹیموں کو ہوشیار رہنا ہوگا۔ 
بھارتی صحافی سُشانت مہتا جو اکثر پاکستان کرکٹ کے خلاف جلی کٹی متنازع باتیں کرنے کے حوالے سے مشہور ہیں ان پر بھی پاکستانی فاسٹ بولرز نے اپنی دھاک بٹھا دی اور وہ بھی کہہ اٹھے کہ پاکستان نے دکھا دیا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ 
ویسٹ انڈین کمینٹیٹراین بشپ تو پیشگوئی کر چکے ہیں کہ حارث رؤف کی بولنگ تباہ کن ہے جو آئندہ 12 ماہ میں مخالف ٹیموں کی بیٹنگ لائن میں مزید تباہی پھیلائے گا۔
سابق چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی اور کمنٹیٹر رمیز راجا نے مردہ پچوں پر نا قابل فراموش فاسٹ بولنگ کو پاکستانی بولرز کا کمال قرار دیا ہے۔
صرف ماہرین ہی نہیں بلکہ ملک کے سابق وزیراعظم شہباز شریف بھی قومی فاسٹ بولرز کی صلاحیتوں کے معترف ہیں اور انہوں نے اپنے ٹویٹ میں پاکستان بولنگ اٹیک کو دنیا کا بہترین اٹیک قرار دیا ہے۔