news
English

ون ڈے بیٹرزمیں بابراعظم کی بادشاہت برقرار، شاہین ٹاپ 5 بولرزمیں آگئے

ون ڈے بیٹرز میں قومی ٹیم کے کپتان 882 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے، امام الحق 732 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور فخر زمان 721 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہیں۔

ون ڈے بیٹرزمیں بابراعظم کی بادشاہت برقرار، شاہین ٹاپ 5 بولرزمیں آگئے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے اور ٹی 20 پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کردی۔ 
آئی سی سی کے مطابق ون ڈے کرکٹ کے بہترین بیٹرز میں بابراعظم کی بادشاہت برقرار ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی ٹاپ 5 بولرز میں آگئے۔ 
ون ڈے بیٹرز میں قومی کپتان 882 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے، امام الحق 732 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور فخر زمان 721 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہیں۔
ون ڈے بیٹرز میں جنوبی افریقہ کے طاقتور بلے باز رسی وان ڈیر ڈوسن 777 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور بھارت کے شبمن گل 750 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ 
ون ڈے بولرز میں پاکستان کے پہلے دو میچوں میں چھ وکٹیں حاصل کرنے کی بدولت شاہین آفریدی چار درجے ترقی کرکے پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ شاہین آفریدی نے ایشیاء کپ میں بھارت اور نیپال کے خلاف شاندار بولنگ کے بعد 4 درجے ترقی کی ہے۔ 
حارث رؤف 14 درجہ ترقی پاکر  36 سے 29 ویں اور نسیم شاہ 13 درجہ ترقی کے بعد 68 ویں نمبر پرآگئے ہیں۔ 
بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن دو درجہ ترقی کے بعد ٹاپ 10 میں واپس آ گئے ہیں۔ آسٹریلیا کی جوڑی جوش ہیزل ووڈ (پہلے) اور مچل اسٹارک (دوسرے) نمبر پر ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹرز میں محمد رضوان دوسرے اور بابر اعظم تیسرے نمبر ہیں بھارت کے سوریا کمار یادیو پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز میں افغانستان کے راشد خان پہلے، انگلینڈ کے اسپنر عادل راشد دو درجے ترقی کرکے دوسرے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ فاسٹ بولر انگلینڈ کے سیم کرن ایک درجہ  بہتری کے ساتھ آٹھویں نمبر پر  آگئے ہیں۔