news
English

آئی سی سی کی بہترین ٹیموں سے پاکستانی کھلاڑی ’’غائب‘‘

مینز الیون میں 4 بھارتی کرکٹرزشامل، ویمن سائیڈ میں آسٹریلوی پلیئرز کا راج۔

آئی سی سی کی بہترین ٹیموں سے پاکستانی کھلاڑی ’’غائب‘‘

انٹڑنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی تشکیل دی گئی بہترین ٹیموں سے پاکستانی کھلاڑی ’’غائب‘‘ ہیں جب کہ مینز الیون میں 4 بھارتی پلیئرز کو شامل کرلیاگیا۔ 
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2023 کی بہترین مینز اور ویمنز ٹوئنٹی 20 ٹیمیں ترتیب دی ہیں، ان میں کوئی پاکستانی پلیئر جگہ نہیں بناسکا، مینز ٹیم میں بھارت کے 3 پلیئرز یشوی جیسوال، سوریا کمار یادیو اور ارشدیپ سنگھ کو جگہ مل گئی، جبکہ قیادت بھی سوریا کماریادیو کے سپرد ہے، انھوں نے گذشتہ برس 14 میچز میں 159 کے اسٹرائیک ریٹ سے 430 رنز بنائے، دیگر 8 پلیئرز میں پاکستانی نڑاد زمبابوین سکندر رضا، فل سالٹ، نکولس پوران، مارک چیپمین، مارک ایڈائر، روی بشنوئی، رچرڈ این گیورا اوریوگینڈا کے الپیش رامجینی منتخب ہوئے ہیں، انھوں نے 30 میچوں میں 132 کے اسٹرائیک ریٹ سے 449 رنز بنائے، ساتھ ہی 55 وکٹیں 4.77 کے اکانومی ریٹ سے حاصل کیں۔ 
آئی سی سی ویمنز ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل ٹیم کی کپتان سری لنکن کھلاڑی چماری اتاپتو ہیں، آسٹریلیا کی وکٹ کیپر بیتھ مونی اور جنوبی افریقی بیٹر لیورا وولڈورٹ بھی علامتی سائیڈ کا حصہ ہیں، ہیلی میتھیوز نے چوتھی اور انگلینڈ کی نٹالی اسکوایئر برنٹ نے پانچویں پوزیشن سنبھالی، امیلیا کیر چھٹے اور الیسی پیری ساتویں نمبر پر ہیں۔ ایشلیگ گارڈنر، دیپتی شرما، سوفی ایکلیسٹون اور میگن شسٹ بولنگ اٹیک کا حصہ بنیں، سری لنکن اسٹار چماری اتاپتو نے گذشتہ برس مختصر فارمیٹ میں 470 رنز 130.91 کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے، انھوں نے سال میں 15 چھکے جڑے،اسی طرح بیتھ مونی نے 41 کی اوسط اور 120.58 کے اسٹرائیک ریٹ سے 410 رنز اپنے نام اسکور کیے۔ 
واضح رہے کہ ویمن الیون میں بھی کوئی پاکستانی پلیئر جگہ نہیں بناسکی۔