کچھ کھلاڑیوں کے لیے ممکنہ تنزلی کے باوجود، پی سی بی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تنخواہوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) قومی کھلاڑیوں کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ جلد منظر عام پر لائے گا، جس میں کئی نامور کرکٹرز کی کیٹیگریز میں تنزلی کا امکان ہے تاہم تنخواہوں میں کمی نہیں ہوگی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فاسٹ بالر نسیم شاہ کو کیٹیگری اے میں ترقی ملے گی جس کے بعد نسیم شاہ، بابراعظم، شاہین آفریدی اور محمد رضوان جیسے پلیئرز کے اس ایلیٹ گروپ میں شامل ہوجائیں گے جو ان کے کیرئیر میں ایک اہم قدم ہوگا جبکہ لیگ اسپنر شاداب خان کی کیٹیگری میں تنزلی ہوسکتی ہے۔ اسی طرح کئی نامور کرکٹرز کی کیٹیگری میں بھی تنزلی ہوگی تاہم کسی بھی پلیئر کی تنخواہوں میں کمی نہیں کی جائے گی، محمد نواز اور عماد وسیم کے لئے سینٹرل کنٹریکٹ ناممکن دکھائی دے رہا ہے جبکہ اوپنرز امام الحق اور فخر زمان کی دو فارمیٹس میں کاکردگی کے باعث کیٹیگری بی کا درجہ برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔
ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کیٹیگری بی میں ہی رہنے کا امکان ہے، کیٹیگری ڈی میں سب سے اہم تبدیلیاں متوقع ہیں، جہاں کھلاڑیوں کی تعداد میں کمی لائی جاسکتی ہے۔
قبل ازیں بورڈ نے تین پاکستان کرکٹرز کو فیوچر ٹور پروگرام کے باعث لیگزمیں کھیلنے کیلئے این او سی دینے سے انکار کیا تھا ان میں شاہین شاہ آفریدی، بابراعظم اور محمد رضوان شامل ہیں۔
اس وقت بابر اعظم، شاہین آفریدی اور محمد رضوان پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ میں اے کیٹیگری کے کنٹریکٹس رکھتے ہیں۔