اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے میچ میں شکست پر زمبابوے کے صدر کو ان کے تبصرے کا جواب دلچپسپ انداز میں دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر زمبابوے کے صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس اصلی مسٹر بین تونہیں لیکن کرکٹ کا اصلی جذبہ ہے۔ ہم پاکستانیوں کو اچھی واپسی کی مضحکہ خیز عادت ہے۔
شہبازشریف نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کے خلاف جیت پر زمبابوے کے صدر کو مبارکباد بھی دی اورکہا کہ آپ کی ٹیم اچھا کھیلی۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کی شکست کے بعد زمبابوے کے صدر ایمرسن منانگاگوا نے اپنی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے بظاہر پاکستان کے لیے ٹوئٹ کیا تھا کہ اگلی بار اصلی مسٹر بین کو بھیجنا۔
صدر ایمرسن منانگاگوا کی یہ ٹویٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور لوگ اس پر دلچسپ تبصرے کررہے ہیں۔
میچ سے قبل زمبابوے کے شہریوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ہم پاکستان سے بدلہ لیں گے کیوں کہ ایک ایگریکلچر پروگرام میں پاکستان نے ہمیں اصلی مسٹر بین کے بجائے ان کا ہمشکل جعلی مسٹر بین بھیج دیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستانی مسٹر بین آصف میمن کو 2016 میں زمبابوے میں ایک تقریب میں مدعو کیا گیا تھا، جہاں انہوں نے ہرارے انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں ایک کامیڈی نائٹ میں شرکت کی تھی۔