news
English

پاکستان کی ورلڈ کپ میں افغانستان سے وارم اپ میچ تبدیل کرنے کی درخواست  

آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے مجوزہ شیڈول میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان وارم اپ میچ رکھا ہے، ذرائع

پاکستان کی ورلڈ کپ میں افغانستان سے وارم اپ میچ تبدیل کرنے کی درخواست   

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس سال ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز میں افغانستان کے خلاف رکھا گیا مجوزہ وارم اپ میچ تبدیل کرنے کی درخواست کی ہے۔ 

پی سی بی کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو اپنے مجوزہ فیڈ بیک میں ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچز میں سے ایک میچ میں ٹیم تبدیل کرنے کو کہا ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ پاکستان نے کہا ہے کہ وارم اپ کیلئے افغانستان کے بجائے کسی غیر ایشیائی حریف سے میچ رکھ دیا جائے تاکہ پاکستان کے لئے مفید ثابت ہوسکے۔

پی سی بی نے اس سلسلے میں یہ جواز پیش کیا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل ہونے والے ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم افغانستان سے مقابلہ کرچکی ہوگی اس لیے دوبارہ وارم اپ میچ میں بھی کھیلنا زیادہ مفید نہیں ہوگا لہٰذا گرین شرٹس کا کسی غیر ایشیائی ٹیم سے میچ کرادیا جائے۔

خیال رہے کہ رواں سال کرکٹ کی دنیا کا سب سے بڑا میلہ بھارت میں سجے گا۔

ممکنہ شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم 6 اکتوبر اور 12 کو کوالیفائر ٹیمز کے خلاف میدان میں اُترے گی، یہ دونوں میچز حیدرآباد دکن میں شیڈول ہیں۔

روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا ٹاکرا 15 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول ہے، جہاں پلیئرز کی سیکیورٹی کے مسائل پیش آ سکتے ہیں۔

اسی طرح قومی ٹیم 20 اکتوبر کو آسٹریلیا اور 23 اکتوبر کو افغانستان کے مقابل آنا ہے، گرین شرٹس 27 اکتوبر کو چنائی میں جنوبی افریقہ، 31 اکتوبر کولکتہ میں بنگلہ دیش، 5 نومبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف بنگلور اور 12 نومبر کو انگلیںڈ کے خلاف کولکتہ میں مدمقابل آئی گی۔