news
English

پاکستانی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر واپس آگئی

پاکستان ایک بار پھر آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر واپس آگیا ہے۔

پاکستانی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر واپس آگئی

اتوار کے روز جنوبی افریقہ کیخلاف پانچویں ون ڈے میچ میں 122 رنز کے بھاری مارجن سے شکست کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم او ڈی آئی رینکنگ میں پہلی سے تیسری پوزیشن پر چلی گئی جبکہ پاکستان واپس نمبر ون پر آگیا۔ 
دوسری جانب سری لنکا کے خلاف ایشیاء کپ کے فائنل میں فتح حاصل کرنے کے باوجود بھارت کا ورلڈ کپ سے قبل ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر آنے کا خواب پورا نہیں ہوسکا۔   
ایشیاء کپ میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست اٹھانے کے بعد پاکستانی ٹیم پہلی پوزیشن سے تیسرے نمبر پر چلی گئی تھی جس سے بھارت کو ٹاپ پر پہنچنے کا نادر موقع میسر آیا تھا تاہم اس کے لیے ضروری تھا کہ آسٹریلیا جنوبی افریقہ سے میچز ہار جائے اور بھارت بنگلہ دیش اور سری لنکا کے خلاف میچز میں کامیاب ہو۔ 
اگرچہ آسٹریلیا، جنوبی افریقہ کے خلاف چوتھا اور پانچواں ون ڈے تو ہار گیا مگر سری لنکا کو ایشیاء کپ کے فائنل میں ہرانے والی بھارتی ٹیم بنگلہ دیش کیخلاف ٹورنامنٹ کے سپر فور میچ میں شکست سے دوچار ہوگئی تھی جس کی وجہ سے بھارت کی امیدوں پر پانی پھر گیا۔ 
فی الحال پاکستان اور بھارت دونوں کی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں 115 پوائنٹس کی ریٹنگ ہے تاہم پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر برتری کے ساتھ بھارت سے آگے ہے۔ آسٹریلیا اس نئی شکست کے ساتھ 113 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر چلا گیا ہے۔ 
بھارت اور آسٹریلیا 22 ستمبر سے تین میچوں کی سیریز میں ایک دوسرے سے مدمقابل ہوں گے جہاں انہیں دوبارہ ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کا موقع ملے گا جبکہ پاکستان ورلڈ کپ سے قبل کوئی ون ڈے میچ نہیں کھیلے گا۔ 
بھارت اور آسٹریلیا کا پہلا میچ 22 ستمبر کو موہالی، دوسرا میچ 24 ستمبر کو اندور اور تیسرا میچ 27 ستمبر کو بڑودہ میں کھیلا جائے گا۔