news

پاکستان سے سیریزکھیلنے کےلیے آسٹریلیا شیڈول کو حتمی شکل دینے لگا

کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے آنے والے سمرسیزن کے شیڈول کا اعلان جلد متوقع ہے۔

پاکستان سے سیریزکھیلنے کےلیے آسٹریلیا شیڈول کو حتمی شکل دینے لگا

کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لئے شیڈول کو حتمی شکل دینے کے انتظامات شروع کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کو رواں برس کے آخر میں آسٹریلیا کا رخ کرنا ہے جہاں پر وہ 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی،آسٹریلوی بورڈ نے شیڈول کو حتمی شکل دینے کے لیے انتظامات کا آغاز کر دیا ہے، سیریز کا آغاز پرتھ سے ہوگا، گذشتہ سیزن میں اس وینیو پر آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کا میچ انتہائی مختصر ثابت ہوا تھا۔

اس بار بھی کرکٹ آسٹریلیا کا پرتھ میں دوبارہ ٹور پر آنے والی کیریبیئن ٹیم کی میزبانی کا ارادہ تھا مگر میزبان کرکٹ باڈی کے اصرار پر اسے پاکستانی ٹیم کا میچ دے دیا گیا، اس ٹیسٹ کے بعد گرین کیپس میلبورن میں باکسنگ ڈے اور سڈنی میں نیو ایئر ٹیسٹ میں کینگروز کا مقابلہ کریں گے، کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے آنے والے سمرسیزن کے شیڈول کا اعلان جلد متوقع ہے۔

دوسری جانب حکام نے ساؤتھ آسٹریلیا کرکٹ ایسوسی ایشن کا مطالبہ بھی مانتے ہوئے اس کے ساتھ 3 سال کا معاہدہ کرلیا ہے،جس کے تحت ایڈیلیڈ آئندہ برس دسمبر میں بھارت اور اس کے اگلے برس انگلینڈ کی میزبانی کرے گا، یہاں بھی پنک گیند کے ساتھ ڈے نائٹ ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم ورلڈ کپ کے بعد دسمبر میں بھارت میں 5 ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلے گی۔

 اس کا ہوم ٹیسٹ سیزن دسمبر کے وسط سے قبل شروع نہیں ہوگا، یہ جنوری کے آخر تک جاری رہے گا، پاکستان کے بعد کینگروز ویسٹ انڈیز سے بھی 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلیں گے،کیریبیئن ٹیم کو فروری مارچ کے دورئہ پاکستان میں 2 ٹیسٹ اور3 ون ڈے میچز کی سیریز میں بھی حصہ لینا ہے،البتہ پی ایس ایل کی وجہ سے پی سی بی اس سیریز کو ری شیڈول کر سکتا ہے۔