سلیکٹرز نے ورلڈ کپ 2024 میں گرین شرٹس کی پلیئنگ الیون کے لیے کپتان بابراعظم سے مشاورت شروع کردی۔
نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز اور ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے ممکنہ کھلاڑیوں کے حوالے سے سلیکٹرز نے کپتان بابراعظم سے مشاورت شروع کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کاکول اکیڈمی کے ٹرینرز کی حتمی فٹنس رپورٹ ملنے کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان 5 اپریل تک کردیا جائے گا۔
اسی طرح ورلڈکپ 2024 کیلئے 20 سے 21 رکنی پول آف پلیئرز کی فہرست کو فائنل کرنے کے بعد حتمی منظوری کیلئے پی سی بی چیئرمین کے حوالے کیا جائے گا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے بعد قومی ٹیم کو آئرلینڈ اور انگلینڈ میں ٹی20 میچز کھیلنے کے لیے جانا ہے جہاں سے قومی کھلاڑی وطن واپس آنے کے بجائے امریکا کا رخ کریں گے جہاں جون سے ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز ہونا ہے۔
پاکستانی کرکٹ بورڈ کو ورلڈکپ 2024 کے لئے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست یکم مئی تک آئی سی سی کے پاس جمع کروانی ہے، قواعد کے تحت 25 مئی تک اسکواڈ میں تبدیلی ممکن ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پول آف پلیئرز میں پی ایس ایل میں عمدہ پرفارمنس پر اوپنر عثمان خان کو پلیئنگ الیون میں رکھا جارہا ہے۔ ریٹائرمنٹ واپس لینے والے فاسٹ بولر محمد عامراور آل راونڈرعمادوسیم کا نام بھی مجوزہ لسٹ میں شامل ہے۔
فاسٹ بولر حارث رؤف کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لئے زیر غور نہیں لایا گیا تاہم وہ آئرلینڈ، انگلینڈ اور ورلڈکپ میں گرین شرٹس کے پلیئنگ اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔ اسی طرح فخر زمان کی فٹنس رپورٹ کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔
کیینگ میں محمد رضوان کے ساتھ اعظم خان ممکنہ پول آف پلیئرز کا حصہ بنے ہیں۔ نوجوان اسپنرابراراحمداوراسامہ میر بھی شاداب خان کے ساتھ اسپن بولنگ کی قوت میں اضافہ کریں گے۔
سلیکٹرز نے باہمی مشاورت سے جو فہرست ترتیب دی ہے اس میں کپتان بابراعظم، عثمان خان، صائم ایوب، فخرزمان، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، افتخاراحمد، اعظم خان، محمد رضوان، عمادوسیم، اسامہ میر، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، وسیم جونیئر، عامرجمال، حارث رؤف، محمدعامر، عباس آفریدی اور زمان خان شامل ہیں۔
اس پول آف پلیئرز میں سے ہی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز اور آئَندہ میچز کے لیے ٹیموں کا انتخاب کیا جائےگا۔