news
English

پاکستانی ٹیم چیمپئنزٹرافی کے بعد نیوزی لینڈ جائے گی

ٹیم نیوزی لینڈ چیمپئنز ٹرافی سے قبل سہ فریقی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ بھی کرے گی۔

پاکستانی ٹیم چیمپئنزٹرافی کے بعد نیوزی لینڈ جائے گی

پاکستانی ٹیم چیمپئنز ٹرافی 2025 کے بعد محدود اوورز کی کرکٹ کھیلنے کے لیے نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی۔ فروری سے مارچ 2025 تک پاکستان میں منعقد ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے بعد، پاکستانی کرکٹ ٹیم محدود اوورز کے میچز کے لیے نیوزی لینڈ کے دورے پر روانہ ہونے والی ہے۔ 
یہ اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوارٹر میں ایک نتیجہ خیز میٹنگ کے بعد کیا گیا، جہاں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسراسکاٹ ویننک نے کرکٹ کی آئندہ مصروفیات پر تبادلہ خیال کیا۔ 
اجلاس میں پی سی بی کے سی او او سلمان نصیر اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ نے بھی شرکت کی، ملاقات میں جاری پاک نیوزی لینڈ سیریز اور پاکستان کے اگلے سال نیوزی لینڈ کے دورے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اس دورے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی 20 میچز اور تین ون ڈے میچز کی سیریز ہوگی۔ 
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی، جو ملک کے وزیر داخلہ بھی ہیں، نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کے لیے جامع انتظامات کی یقین دہانی کرائی اور پاکستان میں کیوی کھلاڑیوں اور دیگر عملے کے قیام کے دوران ان کے آرام اور سلامتی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری ہے۔ ٹیم ہمارے دلوں کے بہت قریب ہے اور میں خود پورے انتظامات کے ساتھ ساتھ دورے کے لیے حفاظتی انتظامات کی بھی نگرانی کر رہا ہوں۔‘‘
اس موقع پر نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اسکاٹ ویننک نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے راولپنڈی اور لاہور میں سہولیات کی تعریف کی جہاں نیوزی لینڈ کی ٹیم کی میزبانی کی گئی۔ 
اسکاٹ ویننک نے کہا کہ "میں ان دونوں جگہوں پر انتظامات سے بہت خوش ہوں۔" 
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم 2025 کی چیمپئنز ٹرافی سے قبل سہ ملکی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔