news
English

پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو دوسرے ون ڈے میں 8 وکٹوں سے ہرادیا

شاہینز نے 79 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو دوسرے ون ڈے میں 8 وکٹوں سے ہرادیا

پاکستان شاہینز نے بولرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش اے کو دوسرے ون ڈے میں 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکلستان شاہینز نے 79 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ 
تفصیلات کے مطابق ڈاروین میں کھیلے گئے میچ میں شاہینز کے کپتان محمد حارث نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، بنگلہ دیش اے کی ٹیم 24.3 اوورز میں محض 78 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ 
پاکستانی بولرز کی عمدہ بولنگ نے بنگلہ دیش اے کو کسی بھی موقع پر سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، کپتان محمد حارث نے وکٹ کیپنگ میں 3 کیچز تھام کر بیٹرز کو میدان بدر کیا۔
بنگلہ دیش اے کے پرویز حسین 19 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ شاہینز کے عمران جونیئر 3 وکٹیں حاصل کرکے کامیاب بولر رہے۔ 
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 17 ویں اوور میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر 79 رنز بناکر دوسرے میچ میں فتح اپنے نام کی، پاکستان شاہینز کی اننگز میں صاحبزادہ فرحان بغیر کوئی رن بنائے رپون مونڈل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد عبدالفصیح اور عثمان خان نےدوسری وکٹ کے لیے 48 رنز کا اضافہ کیا۔ عبدالفصیح 12 رنز بناکر مونڈل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔  
عثمان خان نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 39 رنز کی زبردست اننگز کھیلی جبکہ طیب طاہرنے17 رنز بنائے۔ 
ٹیم پاکستان شاہینز اب ٹاپ اینڈ ٹی20 سیریز میں حصہ لے گی، جس میں اس کا پہلا میچ 10 اگست کو پرتھ اسکارچرز کے ساتھ ہوگا۔ 
دوسری جانب پاکستان شاہینز نے اس سے قبل پہلے ون ڈے میں این ٹی اسٹرائیک کو 4 وکٹوں سے ہرایا تھا۔