یہ سیریز 2008 کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا مقابلہ ہے۔
پاکستان شاہینز، صاحبزادہ فرحان کی قیادت میں، آسٹریلیا کے شہر ڈاروین میں جمعہ 19 جولائی سے شروع ہونے والے دو، چار روزہ میچوں میں سے پہلے میں بنگلہ دیش 'اے' کا سامنا کرنے والے ہیں۔ دوسرا میچ اگلے جمعہ 26 جولائی کو شروع ہوگا۔ 4 اور 6 اگست کو دو ایک روزہ میچز اور 9 سے 18 اگست تک نو ٹیموں کی ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریزشیڈول ہے۔
یہ سیریز 2008 کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا دوطرفہ مقابلہ ہے۔ سولہ سال قبل، پاکستان اکیڈمی کی ٹیم نے بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا اور دونوں میچ آٹھ وکٹوں سے جیتے تھے۔
صاحبزادہ فرحان نے پاکستان شاہینز کی ٹیم کی قیادت کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ آگے ایک بڑے چیلنج کی توقع ہے۔ انہوں نے جیسن گلیسپی کی بطور کوچ تعریف کی اور اپنے ساتھی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو سراہا۔
صاحبزادہ فرحان نے کہاکہ "مجھے سیریز میں پاکستان شاہینز کی قیادت کرنے پر خوشی ہے اور میں ایک دلچسپ چیلنج کا منتظر ہوں جو بنگلہ دیش 'اے' ٹیم ہمارے لیے نئی پلیئنگ کنڈیشنز میں پیش کرے گا۔"
ان کا کہنا تھا کہ “ٹیم نے کراچی کیمپ میں بہت اچھی تیاری کی ہے اور ڈاروین میں تربیتی سیشن حالات سے ہم آہنگ ہونے میں مددگار ثابت ہوئے ہیں۔ جیسن گلیسپی کی موجودگی باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے ایک بہت بڑا فروغ ہے اور ہم دونوں چار روزہ میچوں میں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کے لیے بے چین ہیں۔،،
پاکستان شاہینز 15 جولائی کو پاکستان مینز ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی رہنمائی میں کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں چھ روزہ سخت تربیتی کیمپ کے بعد ڈاروین پہنچی ہے۔
2021 اور 2023 میں بالترتیب سری لنکا اور زمبابوے کے دوروں کے بعد یہ دورہ پاکستان شاہینوں کی تین سالوں میں تیسری ریڈ بال سیریز ہو گی۔ زمبابوے کے آخری ریڈ بال ٹور کے دوران شاندار کارکردگی میں مہران ممتاز نے 15 وکٹیں لی تھیں اور عمیربن یوسف نے 348 رنز بنائےتھے۔
پاکستان کے موجودہ اسکواڈ میں شامل حسیب اللہ، کامران غلام، خرم شہزاد، مہران ممتاز، محمد علی، محمد ہریرہ، عمیر بن یوسف اور شاہنواز دھانی اس سے قبل ریڈ بال کرکٹ میں شاہینز کی نمائندگی کر چکے ہیں جبکہ علی، خرم، اور عمر پاکستان کے لیے ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں۔
ڈاروین میں بنگلہ دیش 'اے' کے خلاف دو چار روزہ میچ کھلاڑیوں کے لیے بہت اہم ہیں، جو ریڈ بال کے مصروف سیزن سے قبل قیمتی تجربہ فراہم کرتے ہیں، جس میں اگست 2024 سے جنوری 2025 تک بنگلہ دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ شامل ہیں۔
پاکستان شاہینز کااسکواڈ:
صاحبزادہ فرحان (کپتان)، فیصل اکرم، حسیب اللہ، کامران غلام، کاشف علی، خرم شہزاد، مہران ممتاز، محمد علی، محمد ہریرہ، مبصر خان، محمد عرفان خان، عمیر بن یوسف، شاہنواز دھانی، طیب طاہر اور عمر امین پر مشتمل ہے۔
بنگلہ دیش 'اے' کااسکواڈ:
محمود الحسن جوئے (کپتان)، ایچ مولا، امیت حسن، عارف اسلام، حسن مراد، ماہید الاسلام انکون، معروف مریدھا، محمد مقید الاسلام، پرویز حسین ایمون، رقیب الحسن، رضا الرحمان راجہ، رپن مونڈل، سعادت حسین دیپو، شادمان اسلام اور ایس کے پرویز الرحمان جبون پر مشتمل ہے۔