news
English

پاکستان نے بھارت کو شکست دیکر ایمرجنگ ایشیا کپ جیت لیا

پاکستان شاہینز کے بنائے گئے 353 رنز کے تعاقب میں بھارت کی ٹیم 40 اوورز میں 224 رنز بناکر آوٹ ہوگئی

پاکستان نے بھارت کو شکست دیکر ایمرجنگ ایشیا کپ جیت لیا

کولمبو میں کھیلے گئے اے سی سی مینز ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 128 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔ 
پاکستان شاہینز کے بنائے گئے 353 رنز کے تعاقب میں بھارت کی ٹیم 40 اوورز میں 224 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ پاکستان کی طرف سے سفیان مقیم نے 3، مہران ممتاز، ارشد اقبال اور محمد وسیم نے 2، 2 اور مبشر خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 
بھارتی بلے باز پاکستانی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئے اور ایک کے بعد دوسرا کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین لوٹتا رہا۔ ابھیشیک شرما 61، یش دھول 39 اور سائی سدھرسن 29 رنز بناکر نمایاں رہے۔ 
کولمبو کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی اے ٹیم کے کپتان یش دھول نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے۔ 
پاکستان کی جانب سے اوپنر صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے شاندار 121 رنز کا اوپننگ آغاز فراہم کیا تاہم صائم ایوب 59 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ صاحبزادہ فرحان 65 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں عمر بن یوسف 35، کپتان محمد حارث 2 جبکہ قاسم اکرم بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے، مڈل آرڈر میں طیب طاہر نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 71 گیندوں پر 12 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 108 رنز کی زبردست اننگز کھیلی جبکہ مبصر خان ان کا ساتھ دیتے ہوئے 35 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 125 رنز کی پارٹنرشپ بھی قائم ہوئی۔ 
بھارت کی جانب سے ویان پراگ اور ہینگریکر نے 2، 2 جبکہ مانوستر، ہرشت رانا اور نشانت سندھو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستان نے سری لنکا کو پہلے سیمی فائنل میں 60 رنز سے شکست دی تھی جبکہ بھارت نے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 51 رنز سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔