news
English

اگلے دو میچز میں بھی اسی طرح کھیلیں گے، بابراعظم

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا ماننا ہے کہ ابھی ورلڈ کپ ان کے لیے ختم نہیں ہوا، پاکستان چھ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے۔

اگلے دو میچز میں بھی اسی طرح کھیلیں گے، بابراعظم

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے بنگلہ دیش کیخلاف میچ جیتنے کے بعد کہا ہے کہ اگلے دو میچز میں بھی اسی عزم کے ساتھ کھیلیں گے، ٹیم کے ابھی آگے جانے کے چانسز برقرار ہیں۔ 
کولکتہ میں بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں اہم کامیابی حاصل کرنے کے بعد بات چیت کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ معلوم تھا اگر فخرزمان 20 سے 30 اوورز کھیل گیا تو میچ آسانی سے جیت جائیں گے۔ ہم نے شروع سے ہی اچھا آغاز کیا جس کا ٹیم کو فائدہ ہوا۔ 
بابر اعظم نے کہا کہ شاہین نے شروع میں وکٹیں لے کر بنگلہ دیش کی ٹیم پر پریشر بنایا۔ سارے بولرز نے اپنا سو فیصد رزلٹ دیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے منگل کے روز اپنے ساتویں میچ میں بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔ 
 
پاکستان میگا ٹورنامنٹ میں ابھی تک تین میچز میں ہی کامیاب ہوسکا ہے جبکہ چار میں اسے شکست ہوئی ہے۔ قومی ٹیم اپنا اگلا میچ چار نومبر کو بنگلورو میں نیوزی لینڈ اور آخری گروپ میچ 11 نومبر کو ایڈن گارڈنز میں انگلینڈ کیخلاف کھیلے گی۔ 
پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے نہ صرف اپنے اگلے دونوں میچ جیتنا ضروری ہیں بلکہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی آئندہ میچز میں شکست کیلئے بھی امید کرنی ہے کیونکہ اسی صورت میں پاکستان کی ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں رسائی ممکن ہوگی۔ 
نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا اس وقت آٹھ، آٹھ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں اور دونوں ٹیموں کے ابھی تین، تین میچز باقی ہیں۔ 

آسٹریلیا کے اگلے تین میچز انگلینڈ، افغانستان اور بنگلہ دیش کے ساتھ ہیں۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کے اگلے تین میچز جنوبی افریقہ، پاکستان اور سری لنکا سے شیڈول ہیں۔