قومی ٹیم کی جانب سے حارث رؤف نے 3 اور شاہین آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں
پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 154 رنز کا ہدف دیا جو نیوزی لینڈ نے 19ویں اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔
نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل اور وکٹ کیپر بیٹسمین ٹم سیفرٹ نے اننگز کا آغاز کیا، گپٹل 6 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کا شکار بن گئے جس کے بعد ڈیون کونوے بیٹنگ کیلیے آئے لیکن حارث رؤف نے انہیں بھی 5 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔
گلین فلپس اور ٹم سیفرٹ کے درمیان اچھی شراکت قائم ہوئی، فلپس 23 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تاہم سیفرٹ کریز پر ڈٹے رہے اور مارک چیپمین کیساتھ ایک اور اچھی شراکت قائم کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، چیپمین 34 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ سیفرٹ نے شاندار نصف سنچری اسکور کی، وہ 57 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔
قومی ٹیم کی جانب سے حارث رؤف نے 3 اور شاہین آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل میچ کا ٹاس قومی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا لیکن بابراعظم کی غیر موجودگی میں پاکستان کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا۔ شاداب خان 42 اور فہیم اشرف 31 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
عبداللہ شفیق اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، عبداللہ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے اور محمد رضوان 17 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ نے بھی کھاتہ کھولنے کی زحمت نہیں کی جب کہ حیدر علی بھی صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
خوشدل شاہ نے کپتان شاداب خان کا ساتھ دیتے ہوئے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا مگر خوشدل شاہ بھی 16 رنز پر ہمت ہار گئے۔ 39 رنز پر آدھی ٹیم کے پویلین واپس لوٹ جانے سے ایسا دکھائی دے رہا تھا پاکستان بمشکل 100 رنز بناسکے گا لیکن کپتان شاداب خان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے عماد اور پھر فہیم اشرف کے ساتھ اچھی شراکت قائم کی۔
عماد وسیم 19 اور وہاب ریاض 9 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، کپتان شاداب خان 42 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹے جب کہ فہیم اشرف نے 17 گیندوں پر 31 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے جیکب ڈفی نے 4، اسکاٹ کوگلین نے 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ایک وکٹ آئش سودی کے حصے میں آئی۔
قومی ٹیم کی قیادت شاداب خان کررہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، عبداللہ شفیق، حیدر علی، محمد حفیظ، خوشدل شاہ، ، عماد وسیم، فہیم اشرف، وہاب ریاض، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کی قیادت کین ولیمسن کی غیر موجودگی میں مچل سینٹر کررہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں مارٹن گپٹل، ٹم سیفرٹ، ڈیون کونوے، گلین فلپس، جیمز نیشام، مارک چیپمین، اسکاٹ کوگلین، آئش سودی، جیکب ڈفی، اور بلیئر ٹکنر شامل ہیں۔