news
English

کرکٹ کے سب سے بڑے میلے ورلڈ کپ2023 کے آفیشل شیڈول کا اعلان

دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان بھارت کے شہر احمد آباد میں ہوگا۔

کرکٹ کے سب سے بڑے میلے ورلڈ کپ2023 کے آفیشل شیڈول کا اعلان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ کی دنیا کے سبس ے بڑے اور رنگا رنگ میلے، ورلڈ کپ کے آفیشل شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ 

ورلڈ کپ کا پہلا میچ 5اکتوبر کودفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان بھارت کے شہر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہوگا۔

میزبان بھارت اپنی مہم کا آغاز 8 اکتوبر کو چنئی میں پانچ بار کی ورلڈ کپ فاتح ٹیم آسٹریلیا کے خلاف کرے گا۔

پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو کوالیفائر ون کے خلاف حیدر آباد میں کھیلے گا جبکہ 15 اکتوبر کو پاکستان اور بھارت کا مقابلہ احمد آباد میں ہوگا۔
شوکیس ایونٹ میں کل 10 ٹیمیں شرکت کریں گی، پہلی آٹھ ٹیمیں پہلے ہی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کے ذریعے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ آخری دو مقامات کا تعین زمبابوے میں ہونے والے کوالیفائر ٹورنامنٹ کے اختتام پر کیا جائے گا، جو 9 جولائی کو ختم ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز رواں برس بھارت میں شیڈول کی گئی آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کی ٹرافی ٹور کا منفرد انداز میں خلا سے آغاز ہوا تھا۔

ٹرافی کو زمین سے ایک لاکھ 20 ہزار فٹ بلندی پر خلا میں بھیجا گیا جہاں سے ٹرافی احمدآباد کے نریندرمودی اسٹیڈیم میں اتاری گئی۔

آئی سی سی ورلڈکپ ٹرافی آج سے بھارت کے مختلف شہروں میں لے جائی جائے گی جبکہ ٹرافی 31 جولائی سے 4 اگست تک پاکستان کا دورہ کرے گی۔