news
English

پاکستان کی پانچویں میچ میں فتح، سیریز دو، دو سے برابر

پاکستان نے کیویز کوآخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں 9 رنز سے شکست دے دی، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی۔

پاکستان کی پانچویں میچ میں فتح، سیریز دو، دو سے برابر

ٹیم پاکستان نے کپتان بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کی عمدہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو پانچویں اورآخری ٹی20 میچ میں 9 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کردی۔ تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
گرین شرٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے،بابراعظم نے 69 رنز کی زبردست اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 2 چھکےاور 6 چوکے شامل تھے۔ان کے علاوہ فخر زمان نے 43 اور عثمان خان نے 31 رنز بنائے، جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم آخری اوور میں 169 رنز پر آوٹ ہوگئی۔ 
ٹم سیفرٹ 52 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ مائیکل بریسویل 23 ، جیمز نیشم 16 اور مارک چیپمین نے 12 رنز بنائے۔
ذاکارے فوکس صفر پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 30 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اسامہ میر نے 2 وکٹیں لیں جبکہ شاداب خان اور عماد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ شاہین آفریدی کو ان کی شاندار بولنگ پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ پاک نیوزی لینڈ ٹی20 سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی ہے، سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔