news
English

نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پاکستان کو چوتھے ٹی20 میں مسلسل دوسری شکست

نیوزی لینڈ کی جانب سے بنائے گئے 178 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بناسکی۔

نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پاکستان کو چوتھے ٹی20 میں مسلسل دوسری شکست

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو مسلسل دوسرے ٹی20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دے کر سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کرلی۔ 
تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سےبنائےگئے 178 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم پورے 20 اوور کھیل کر 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بناسکی۔ پاکستان کی طرف سے فخر زمان نے 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز کیوی بولرز کے سامنے زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکا۔ 
افتخار احمد نے 23، صائم ایوب نے 20، عثمان خان نے 16، شاداب خان نے 7 اور بابر اعظم نے صرف 5 رنز بنائے، عباس آفریدی فقط ایک رن بناسکے جبکہ عماد وسیم 22 اور محمد عامر ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ 
 
نیوزی لینڈ کی طرف سے ولیم اورورک نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بین سیئرز نے 2، مائیکل بریسویل اور جیمز نیشم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
 
قبل ازیں گرین شرٹس کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ کیوی ٹیم کی طرف سے ٹم رابنسن 51، ٹام بلینڈل 28 اور ڈین فاکس کرافٹ 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ مائیکل بریسویل نے 27 رنز بنائے۔ 
ٹیم پاکستان کی طرف سے عباس آفریدی نے 3، محمد عامر، زمان خان، اسامہ میر اور افتخار احمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری پانچ میچوں کی سیریز کے چوتھے ٹی20 میچ کیلئے پاکستانی ٹیم میں پانچ تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ عرفان خان نیازی کی جگہ عماد وسیم، محمد رضوان کی جگہ فخر زمان اور ابرار احمد کی جگہ اسامہ میر کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
 
تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بینچ پر بیٹھنے والے محمد عامر اور زمان خان بھی پلیئنگ الیون میں شامل تھے جبکہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا۔ 
واضح رہے کہ چوتھے میچ میں کامیابی کے بعد 5 میچز پر مشتمل سیریز میں کیوی ٹیم کو 1-2 سے برتری حاصل ہوگئی ہے جبکہ پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ 
سیریز کا پانچواں اور آخری میچ لاہور میں 27 اپریل کو شیڈول ہے۔ 
دونوں ٹیموں کی پلیئنگ الیون: 
پاکستان:
 بابراعظم (کپتان)، صائم ایوب، عثمان خان (وکٹ کیپر)، فخر زمان، افتخار احمد، شاداب خان، عماد وسیم، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد عامر، زمان خان۔ 
نیوزی لینڈ: مائیکل بریسویل (کپتان)، ٹام بلنڈیل (وکٹ کیپر)، ٹم رابنسن، ڈین فاکس کرافٹ، مارک چیپ مین، جیمز نیشم، جوش کلارکسن، ایش سودھی، جیکب ڈفی، بین سیئرز، ولیم او رورک۔