بلیک کیپس نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 179 رنز کا ہدف مارک چیپمین کی شاندار نصف سنچری کی بدولت 19 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا تیسرا ٹی ٹونٹی میچ نیوزی لینڈ کی بی ٹیم نے آسانی سے جیت لیا، بلیک کیپس کی بی ٹیم نے فل اسٹرینتھ پاکستانی ٹیم کو باآسانی شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔ واضح رہے کہ سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ رہا تھا جبکہ دوسرا میچ گرین شرٹس نے جیتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کرسیریز 1-1 سے برابر کردی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والےمیچ میں ٹیم نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستانی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ صائم ایوب 32، کپتان بابر اعظم 37، عثمان خان 4 اور شاداب خان 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد رضوان 20 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔ محمد عرفان 30 اور افتخار احمد 2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈفی اور بریسویل نے ایک، ایک جبکہ اش سودھی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 179 رنز کا ہدف انیسویں اوور میں3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم روبنسن نے 28اورٹم سیفرٹ نے 21 جبکہ فوکس کروفٹ نے 31 رنز بنائے، مارک چیپمن نے42 گیندوں پر87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اورناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 2 اور نسیم شاہ نےایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان نے ٹیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں فاسٹ بولر محمد عامر کی جگہ عباس آفریدی کو ٹیم میں شامل کیاتھا۔ نیوزی لینڈ کے کھلاڑی جوش کلارکسن اور بین لِسٹر دونوں بیماری کے باعث میدان میں نہ آسکے۔ مہمان ٹیم کے دونوں کھلاڑیوں کی جگہ متبادل کھلاڑی نیوزی لینڈ ٹیم میں شامل کیے گئے۔
زیک فولکس اور ولیم اورورک نے اپنا ڈیبیو میچ کھیلا۔ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے کیویز کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ پہلا میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا تھا۔ تیسرے میچ کے بعد دونوں ٹیمیں راولپنڈی سے لاہور روانہ ہوجائیں گی جہاں سیریز کے باقی دو میچ کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کی ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان، عثمان خان، افتخار احمد، محمد عرفان نیازی، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عباس آفریدی اور ابرار احمد شامل ہیں جب کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم مائیکل بریسویل (کپتان)، مارک چیپ مین، جیکب ڈفی، زیک فولکس، ڈین فاکس کرافٹ، کول میک کونچی، جیمز نیشم، ول اوورکے، ٹم رابنسن، ٹم سیفرٹ، اش سودھی پر مشتمل ہے۔