news
English

جنوبی افریقا نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو شکست دیدی

پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 318 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پروٹیز نے 33 اوورز میں 2 وکٹوں پر 187 رنز بنائے

جنوبی افریقا نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو شکست دیدی PHOTO: AFP

 جنوبی افریقا نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو  13 رنز سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-2 سے برتری حاصل کرلی۔

پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 318 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پروٹیز نے 33 اوورز میں 2 وکٹوں پر 187 رنز بنائے  اور اسے جیت کے لیے مزید 131 رنز درکار تھے لیکن بارش کی وجہ میچ کو روک دیا گیا تاہم اس کے بعد میچ شروع نہ ہوسکا یوں جنوبی افریقا نے ڈک ورتھ لیوئس قانون کے تحت 13 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔

جنوبی افریقی کپتان ڈوپلیسی اور ہینڈرکس کے درمیان تیسری وکٹ پر 108 رنز کی قیمتی پارٹنرشپ قائم ہوئی، ہینڈرکس 83 اور ڈوپیلسی نے 40 رنز بنائے اورناٹ آؤٹ رہے جب کہ ڈی کوک 33 اور ہاشم آملہ 25 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا، فخرزمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن فخر کی خراب کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا اور وہ صرف 2 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جس کے بعد بابراعظم نے امام کے ساتھ ملکر ذمہ دارنہ بیٹنگ کرتے ہوئے 132 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں بلےبازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں تاہم بابراعظم 69 رنز کی اننگز کھیل کر ڈیل اسٹین کا شکار بن گئے۔

بعد ازاں محمد حفیظ اور امام الحق کے درمیان بھی 84 رنز کی شراکت قائم ہوئی، ہاشم آملہ نے 10 رنز پر کیچ چھوڑ کو حفیظ کو موقع دیا جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے تجربہ کار بلے باز نے نصف سنچری اسکور کی اور 52 رنز پر رباڈا کے ہاتھوں پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس دوران امام الحق نے سست روی سے اپنی اننگز جاری رکھی اور کیریئر کی 5ویں سنچری اسکور کرتے ہوئے  116 رنز پر 101 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

امام الحق نے ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے والے دوسرے کرکٹر کا اعزاز بھی اپنے نام کیا، انہوں نے یہ اعزاز 19 میچوں میں حاصل کیا جب کہ تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے والے پہلے کرکٹر بھی پاکستانی ہیں، قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخرزمان نے یہ کارنامہ 18 میچوں میں انجام دیا، بابراعظم 21 میچوں میں تیز ترین ایک ہزار رنز بناکر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

شعیب ملک اور عماد وسیم نے آخری اوورز میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 52 رنز کی شراکت قائم کی، شعیب ملک 31 رنز بناکر رباڈا کا شکار بنے جب کہ عماد وسیم نے 23 گیندوں پر 43 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیل اسٹین اور کاگیسو رباڈا نے 2،2 اور ڈیبیو کرنے والے ہینڈرکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔