news
English

پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

پاکستان نے 135 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں حاصل کیا

پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی فوٹو: پی سی بی

 راولپنڈی: پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹی 20 میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز جیت لی۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی، قومی ٹیم  نے 135 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں حاصل کیا، پاکستان کی طرف سے حیدر علی 66 جب کہ بابر اعظم 51 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔

اس سے قبل پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو زمبابوے کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 134 رنز بنائے اور قومی ٹیم کو جیت کے لیے 135 رنز کا ہدف دیا۔

دوسرے میچ کے لیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ دوسری اننگز میں بلے بازی آسان ہو جاتی ہے جب کہ ہماری ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی جس کے بعد قومی ٹیم کو زمبابوے کے خلاف 1-0 کی برتری حاصل ہے۔