لاہور: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل تین میچز 8، 10 اور 12 جون کو کھیلے جائیں گے۔ سیریز میں شامل تینوں میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ مہمان ٹیم سیریز میں شرکت کے لیے 5 جون کو اسلام آباد پہنچے گی۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم دسمبر میں پاکستان آئی تھی اور یہ تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز دسمبر 2021 میں ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کا حصہ تھے۔ لیکن مہمان کیمپ میں کووڈ 19 کے کیسز سامنے آنے کے باعث بمشکل ٹی ٹوئنٹی سیریز ہی مکمل ہوپائی اور اس وقت یہ ون ڈے میچز ملتوی کردیے گئے تھے اور اب ان میچز کو ری شیڈول کیا گیا ہے۔
آئی سی سی لیگ میں شامل ان میچز کو ورلڈکپ کوالیفائرز کا درجہ حاصل ہے۔