news
English

پاکستان کے ہاتھوں بھارت کو شکست: صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف کی مبارک باد

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت سیاسی رہنماؤں نے بھارت کو شکست دینے پر قومی ٹیم کو مبارک باد دی۔

پاکستان کے ہاتھوں بھارت کو شکست: صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف کی مبارک باد فوٹو: آئی سی سی

شاباش گرین شرٹس، ہمیں آپ پر فخر ہے، صدر مملکت

صدر مملکت عارف علوی نے ٹویٹر پر قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شاباش گرین شرٹس، مکمل صفایا کردیا، 10 وکٹوں سے میچ جیت لیا، ہمیں آپ پر فخر ہے، ایک اچھا میچ تھا مزا آگیا، پاکستانیو آپ سب کو مبارک ہو۔

پوری قوم کو آپ پر فخر ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر میچ دیکھتے ہوئے تصویر شیئر کی اور قومی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کو مبارکباد اور بابر اعظم کو جنہوں نے ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کیا، رضوان اور شاہین آفریدی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم ہمارے لیے باعث فخر ہے، آرمی چیف

ڈی جی آئی ایس پی آر کی ٹویٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ہمارے لیے باعث فخر ہے۔

پاکستانی ٹیم نے بھارت کو چاروں شانے چت کردیا، مشعال ملک

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھی قومی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے بھارت کو چاروں شانے چت کر دیا، پاکستان قوم  کو جیت کی ڈھیروں مبارکباد، ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا جب کہ پاکستانی جیت کا جشن سرینگر میں بھی منایا جارہا ہے۔

دس وکٹ سے جیتنا قابل فخر کارنامہ ہے، اسد قیصر

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مبارک باد میں کہا کہ پاکستانی ٹیم قوم کی امیدوں پر پورا اتری ہے، آج کے میچ میں پاکستان کی قومی ٹیم نے نئی تاریخ رقم کی ہے، پاکستانی ٹیم کا 10 وکٹوں سے انڈیا سے میچ جیتنا قابل فخر کارنامہ ہے، پاکستان کی پوری ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے مگر جیت کا کریڈٹ بولرز میں شاہین شاہ آفریدی، کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کو جاتا ہے۔

پاکستانی ٹیم نے پوری قوم کے دل جیت لیے، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شاہینوں نے یادگار کھیل کا مظاہرہ کرکے پوری قوم کے دل جیت لیے، بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین آفریدی سمیت پوری ٹیم کو عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں اور آئندہ آنے والے میچز میں پاکستانی ٹیم کی کامیابی کے لیے دعا گو ہوں۔

اتنظامیہ کنٹینر ہٹادے اور لوگوں کو جشن منانے دے، وزیر داخلہ

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ آج روایتی حریف سے میچ تھا، ہمارا فائنل آج تھا، پوری قوم کو فتح مبارک ہو، پاکستانی ٹیم نے پوری جرات سے ولولے، اور بہادری سے میچ جیتا، انتظامیہ کو ہدایت دے دی ہے کہ کنٹینرز ہٹا دیں اور لوگوں کو جشن منانے دیں۔

انہوں ںے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ یہ پہلا پاک بھارت میچ ہے جو گراؤنڈ میں بیٹھ کر نہیں دیکھ سکا، مجھے میچ دیکھے بغیر ملک واپس آنا پڑا، ٹیم نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ، آج ہماری ٹیم نے سب کے دل جیت لیے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹی 20 کی تاریخ بدل دی، فواد چوہدری

وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے دبئی سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم، قوم کی دعاﺅں اور کھلاڑیوں کی محنت سے آج پاکستان کرکٹ ٹیم نے فتح حاصل کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہو، ایشیا کپ ہو یا چیمپئنز ٹرافی جہاں پاک بھارت کرکٹ ٹیمیں آمنے سامنے ہوں تو وہ میچ دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا میچ بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں تاریخ بدل دی، تمام کھلاڑیوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کی پرفارمنس زبردست رہی، وکٹ کیپر محمد رضوان کو سو کیچ مکمل کرنے اور شاہین آفریدی کو مین آف دی میچ قرار دینے پر خصوصی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ کرکٹ واحد کھیل ہے جو ہمیں ایک دوسرے سے جوڑتا ہے، پاکستان کے لوگ کرکٹ سے جنون کی حد تک لگاﺅرکھتے ہیں، امید ہے کرکٹ ٹیم مزید فتوحات حاصل کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کرے گی۔

انشااللہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ بھی جیتے گی، شہباز شریف

صدر مسلم لیگ (ن) اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی کہا کہ ‎پاکستانی کرکٹ ٹیم نے عمدہ کارکردگی سے بھارت کو شکست دی، ‎بابر اعظم اور رضوان نے بہترین بیٹنگ جبکہ شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کی،‎ انشااللہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ بھی جیتے گی، ‎آج ثابت ہوا کہ لگن سے کھیلیں گے تو کامیاب ہوں گئے، ‎آئندہ میچز کے لیے گرین شرٹس، گڈ لک، ‎پاکستانی کرکٹ ٹیم اور عوام کو بہت بہت مبارک باد۔