لاہور: پاکستان ویمنز نے آئرلینڈ ویمنز کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کر کے 3 میچز پر مشتمل ون ڈے میچز کی سیریز تین صفر سے اپنے نام کرلی۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستانی ویمنز ٹیم نے 226 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
صدف شمس 72 رنز بناکر نمایاں رہیں۔ کپتان بسمعہ معروف نے 57 رنز کا حصہ ڈالا، اس میچ کے ساتھ ہی وہ 121 ون ڈے میچز میں ملک کی نمائندگی کرنے والی پہلی کھلاڑی بھی بن گئیں۔
آئرلینڈ ویمنز ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 225 رنز بناکر آوٹ ہوئی۔ لیپال نے 65 رنز اسکور کیے جبکہ ایمی ہنٹر نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔
غلام فاطمہ نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستان اور آئر لینڈ کی ویمن ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ 12 نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی 14 اور تیسرا 16 نومبر کو شیڈول ہے۔