news
English

پاکستان ویمن سلیکشن کمیٹی نے دورہ انگلینڈ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا

چھ شیڈول بین الاقوامی میچوں کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم 9 اور 21 مئی کو ای سی بی ڈیولپمنٹ الیون کے خلاف دو وارم اپ گیمز (ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے) بھی کھیلے گی۔

پاکستان ویمن سلیکشن کمیٹی نے دورہ انگلینڈ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا

سلیکن کمیٹی نے دورہ انگلینڈ کے لیے 17 رکنی قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ، ندا ڈار کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز میں شامل سدرہ نواز کو ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 ٹیم کا حصہ بننے والی تین کھلاڑیوں عائشہ ظفر، گل فیروزہ اور رامین شمیم کا بھی دورہ انگلینڈ کے لیے انتخاب ہوگیا۔ قومی ٹیم کی سابق کپتان اور سینئر بیٹر بسمہ معروف پہلے ہی ون ڈے سیریز کے بعد اچانک ٹی20 سیریز سے دستبردار ہو کر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکی ہیں۔ 
پی سی بی نے پہلی مرتبہ ویمن سیریز کے لیے خاتون چیف سیکیورٹی افسر کو تعینات کیا ہے، پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ میں 11 سے 17 مئی کے درمیان تین ٹی20 جبکہ 23 سے 29 مئی کے درمیان تین ون ڈے میچز کھیلے گی۔
 
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان یہ ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 2022-25 کا حصہ ہیں، یہ چیمپیئن شپ میں پاکستان کی آٹھویں اور آخری سیریز ہوگی۔ پاکستان 10 ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی ویمن چیمپیئن شپ میں 16 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پرموجود ہے۔ چیمپیئن شپ کی ٹاپ پانچ ٹیمیں، میزبان بھارت کے ساتھ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے لیے براہ راست کوالیفائی کریں گی۔ سال 2016 کے بعد انگلینڈ کا دورہ کرنے والی قومی ویمنز ٹیم اتوار 5 مئی کو اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگی۔ 
دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان ویمن اسکواڈ ندا ڈار (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، گل فیروزہ، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، ناجیہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، طوبہ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر پر مشتمل ہے۔ 
انگلینڈ کے دورے میں پاکستان ویمن ٹیم 9 مئی کو ٹی20 وارم اَپ میچ سی سی بی ڈیویلپمنٹ الیون سے کھیلے گی، 11 مئی کو پہلا ٹی20 برمنگھم میں، 17 مئی کو دوسرا میچ نارتھمپٹن میں اور 19 مئی کو تیسرا میچ لیڈز میں شیڈول ہے۔ 
اسی طرح، 21 مئی کو ون ڈے وارم اَپ میچ سی سی بی ڈیولپمنٹ سے نارتھمپٹن میں شیڈول ہے جبکہ 23 مئی کو پہلا ون ڈے، ڈربی میں کھیلا جائے گا، 26 مئی کو دوسرا ون ڈے ٹاونٹن میں ہوگا اور 29 مئی کو تیسرا ون ڈے چیلمسفورڈ میں کھیلا جائے گا۔