news
English

پاکستانی ٹیم کے ٹیسٹ ٹور نے آسٹریلیا کو خوش کردیا  

ساڑھے 3 لاکھ کے قریب تماشائی اسٹیڈیمز آئے، ٹی وی ناظرین کی بڑی تعداد ریکارڈ کی گئی۔

پاکستانی ٹیم کے ٹیسٹ ٹور نے آسٹریلیا کو خوش کردیا  

پاکستانی ٹیم کے ٹیسٹ ٹور نے آسٹریلیا کے شائقینِ کرکٹ کو خوش کردیا جب کہ تینوں میچز کے دوران ساڑھے 3 لاکھ کے قریب تماشائیوں نے اسٹیڈیمز کا رخ کیا۔ 
پاکستانی کرکٹ ٹیم نے حالیہ دورہ آسٹریلیا کے دوران کوئی قابلِ ذکر کامیابیاں تو نہیں سمیٹیں مگر آسٹریلوی شائقین ان مقابلوں سے کافی محظوظ ہوئے، سڈنی میں کھیلے گئے نیوایئر ٹیسٹ کے دوران بھی تماشائیوں کی بڑی تعداد نے اسٹیڈیم کا رخ کیا، مجموعی طور پر میچ کے چاروں روز ایک لاکھ 25 ہزار 292 تماشائی اسٹیڈیم آئے اور ڈیوڈ وارنر کو ٹیسٹ کرکٹ سے الوداع کہا، یہ اس وینیو پر 19-2018 میں بھارت کے خلاف سیریز کے بعد آنے والے تماشائیوں کی بڑی تعداد ہے۔ 
اس میچ کو ٹی وی پر 50 لاکھ کے قریب ناظرین  نے صرف آسٹریلیا میں دیکھا جبکہ وننگ رنز کے دوران بھی ٹی وی پر یہ میچ 14 لاکھ شائقین دیکھ رہے تھے۔  
مجموعی طور پر تینوں ٹیسٹ میچز کے دوران 3 لاکھ 50 ہزار تماشائیوں نے اسٹیڈیمز کا رخ کیا، سب سے زیادہ ایک لاکھ 64 ہزار835 تماشائی میبلرن کرکٹ گراؤنڈ میں موجود تھے۔ 
سڈنی میں کھیلے جانے والے پنک ٹیسٹ کے دوران میک گرا فاؤنڈیشن نے 6.44 ملین ڈالر کے فنڈز بھی جمع کیے۔ 
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نک ہوکلے کہتے ہیں کہ پاکستان کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کافی کامیاب ثابت ہوئی، لاکھوں کی تعداد میں شائقین کی اسٹیڈیم آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ کرکٹ بدستور مقبول ہے، اس سیریز سے شائقین کی تمام جنریشنز نے لطف اٹھایا۔