news
English

پاکستانی ویمنز ٹیم کی نگاہیں ون ڈے ٹائٹل پر مرکوز

کراچی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ویمنز ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی، دونوں ٹیمیں آج سے ٹائٹل پر قبضے کے لیے میدان سنبھالیں گی۔

پاکستانی ویمنز ٹیم کی نگاہیں ون ڈے ٹائٹل پر مرکوز

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ویمن ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کی ٹرافی کی ساؤتھ اینڈ کلب میں رونمائی کر دی گئی، دونوں ٹیموں کی کپتان بسمعہ معروف اور چماری اتاپتو نے ٹرافی کی رونمائی کی۔ پاکستان اور سری لنکا کی ویمنز ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز ساوتھ اینڈ کلب گراونڈ، ڈی ایچ اے میں ہی ہورہا ہے۔

3 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کرنے والی میزبان ٹیم کو نفسیاتی سبقت  اور ہوم ایڈوانٹج حاصل ہے، آئی سی سی رینکنگ چیمپئین شپ کا حصہ ہونے کے ناطے  دونوں ٹیموں کے لیے 3 میچز کی سیریز اہمیت کی حامل ہے،آؤٹ آف فارم وکٹ کیپر گل فیروزہ کے لیے سیریز آزمائش ہوگی جبکہ  صدف شمس کو پہلا ون ڈے انٹر نیشنل  کھیلنے کا بھی موقع مل سکتا ہے۔

قومی کپتان بسمعہ معروف کہتی ہیں کہ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز بھی اپنے نام کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارا مقصد آئی سی سی  چیمپئن شپ  کے لیے پوائنٹس جوڑ کر عالمی ویمنز کپ 2025 کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنا ہے، مستقبل میں بہتر نتائج کے لیے ڈومیسٹک ویمن کرکٹ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب سری لنکن ویمنز کپتان چماری اتاپتو نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں بہتر کارکردگی دکھانے کی توقع ظاہر کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی  ٹیم مضبوط ہے لیکن ہم نے میزبان سائیڈ سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی ہے، ہمارا انحصار نوجوان کھلاڑیوں پر ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دورہ پاکستان میں بہت خلوص اور محبت مل رہی ہے، لذیذ پاکستانی کھانوں سے لطف اندوز ہوئے، دورہ خوشگوار اور یادگار رہے گا۔