news
English

ورلڈ کپ2023: پاکستان کے قومی اسکواڈ کی تیاری، متوقع نام سامنے آگئے

پاکستان، بھارت میں ہونے والے آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کے قریب۔

ورلڈ کپ2023: پاکستان کے قومی اسکواڈ کی تیاری، متوقع نام سامنے آگئے

پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے ورلڈکپ کے لیے بنائے گئے اسکواڈ سے 4 کھلاڑیوں کے باہر ہونے کا امکان ہے اور میگا ایونٹ کے متوقع اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام بھی سامنے آگئے ہیں۔  
کپتان بابراعظم اور چیف سلیکٹر انضمام الحق ایشیاکپ میں گرین شرٹس کی ناکامی کے بعد پہلے سے منتخب اسکواڈ میں ردوبدل کرنے کے لیے مجبور ہوگئے ہیں۔ 
بھارت میں 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے آئی سی سی مینز ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کے 15 کھلاڑیوں کا انتخاب مشکل مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ کپتان بابراعظم اور چیف سلیکٹر انضمام الحق ایشیاکپ میں گرین شرٹس کی ناکامی اور ناقص کارکردگی کو سامنے رکھ کر پہلے سے منتخب پندرہ رکنی قومی اسکواڈ میں تبدیلی پرمجبور ہوگئے ہیں، دونوں کو اس بات کا شدت سے اندازہ ہے کہ ٹیم میں تبدیلی کے بغیر گزارا نہیں ہوگا۔
اُدھر انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ میں مصروف پاکستان کے ڈائریکٹر کرکٹ مکی آرتھر کا کردار بظاہر اس تمام سلیکشن کے مرحلے میں کہیں دکھائی نہیں دے رہا۔ 
یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس کے بعد اضافی وکٹ کیپر محمد حارث، اسپنر اسامہ میر، فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر اور آل راؤنڈر فہیم اشرف کا کیس بہت کمزور ہوگیا ہے اور یہ تمام کھلاڑی ورلڈکپ اسکواڈ میں جگہ نہیں بناپائیں گے۔ 
تازہ ترین پیش رفت کے تناظر میں قومی ٹیم کے پیسر حسن علی اور مسٹری اسپنر کہلائے جانے والے ابرار احمد کا نام ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل ہوتا دکھائی دے رہا ہے جب کہ مسلسل آؤٹ آف فارم رہنے والے ٹیم کے نائب کپتان آل رائونڈر شاداب خان اور ٹیسٹ اوپنر فخر زمان کی سلیکشن پر تحفظات ضرور ہیں، البتہ ان کے اسکواڈ سے باہر جانے کا ابھی کوئی امکان نہیں ہے۔ 
سینئر تجزیہ کاروں اور ذرائع کے مطابق ورلڈکپ کے لیے پاکستان کے ممکنہ اسکواڈ میں یہ 15 کھلاڑی شامل ہوسکتے ہیں۔ 
بابراعظم (کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)،  امام الحق، فخر زمان، عبداللہ شفیق، سلمان آغا، افتخار احمد، سعود شکیل ، ابرار احمد، محمد نواز، شاداب خان، شاہین آفریدی، حارث رؤف، حسن علی اور زمان خان۔