news
English

مڈل اوورز میں پاکستان کا اسکورنگ ریٹ کہاں اسٹینڈ کرتا ہے؟

نیوزی لینڈ نے جمعرات کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو چار رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی۔

مڈل اوورز میں پاکستان کا اسکورنگ ریٹ کہاں اسٹینڈ کرتا ہے؟

رواں سال جون کے مہینے میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں مشترکہ طور پر شیڈول ٹی20 ورلڈکپ 2024 سے قبل پاکستان کی قومی ٹیم کے مڈل آرڈر کے لئے خطرے کی گھنٹی بج گئی۔ مڈل اوورز میں قومی کرکٹر رنز بنانے کے معاملے میں صرف افغانستان سے آگے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف مسلسل دوسری شکست نے پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن پر سوالیہ نشان لگادیا۔ 
آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں محض 39 دن باقی رہ گئے ہیں لیکن گرین شرٹس ہوم گراؤنڈ پر کیویز کی سی ٹیم کا مقابلہ بھی نہیں کرسکے، گزشتہ روز لاہور میں کھیلے گئے چوتھے ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ نے گرین شرٹس کو شکست دے کرسیریزمیں 1-2 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ 
اس سیریز سے قبل کیویز کو آسان سمجھنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر یہ پے در پے شکستیں ایک سوالیہ نشان ہے، کپتان بابراعظم آؤٹ فارم ہیں جبکہ اوپننگ کے لئے رضوان اور بابر اپنی پوزیشنز چھوڑنے کو تیارنہیں۔ اسی طرح مڈل آرڈر میں افتخار احمد بھی کافی عرصے سے پرفارم نہیں کرپارہے۔  
ٹی20 کرکٹ میں پاکستان کی مڈل اوورز میں اسکورنگ کی شرح تشویش کا باعث ہے، قومی ٹیم محض افغانستان سے بہتر رن ریٹ کیساتھ مختصر ترین فارمیٹ میں رنز اسکور کررہی ہے۔ 
مختصر ترین دورانیے کی کرکٹ میں تیز ترین 3000 رنز مکمل کرنے والے 2 کھلاڑی محمد رضوان اور بابراعظم کی پلئینگ الیون میں ہونے کے باوجود گرین شرٹس جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔ 
قومی ٹیم کا مڈل آرڈر ٹی20 کرکٹ میں 7-15 اوورز کے درمیان محض 7.30 رنز سے اسکور کررہا ہے جو صرف افغانستان سے بہتر ہے جبکہ دیگر ممالک کی ٹیمیں اعدادوشمار میں کہیں آگے ہیں۔ 
آسٹریلیا 9.75 کے اسکور ریٹ کے ساتھ سرفہرست ہے، جنوبی افریقہ 9.35 کے ساتھ دوسرے جبکہ بھارت 7-15 اوورز میں 8.97 کے رن ریٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ 
پاکستان کے پاس مڈل اور لوئر مڈل آرڈر میں محمد رضوان، افتخار احمد، شاداب خان اور عماد وسیم کے وسیع آپشنز موجود ہیں تاہم اس کے باوجود پاکستان کی جانب سے کوئی خاص کارکردگی دیکھنے میں نہیں آرہی۔ 
مجموعی طور پر 7 سے 15ویں اوور کے درمیان اسکورنگ کی شرح: 

9.75 — آسٹریلیا
9.35 — جنوبی افریقہ
8.97 — بھارت
8.56 — ویسٹ انڈیز
8.22 – سری لنکا
8.20 – انگلینڈ
8.07 — نیوزی لینڈ
7.46 — آئرلینڈ
7.36 — بنگلہ دیش
7.30 — پاکستان
7.01 — افغانستان