news
English

ٹی 20 ورلڈکپ: قومی ٹیم کا مڈل آرڈرکیسا ہونا چاہیے، مصباح نے بتادیا

سابق کپتان مصباح الحق نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024 میں قومی اسکواڈ کے لیے اپنے پسندیدہ مڈل آرڈر بلے بازوں کے نام دے دیئے۔

ٹی 20 ورلڈکپ: قومی ٹیم کا مڈل آرڈرکیسا ہونا چاہیے، مصباح نے بتادیا

قومی ٹیم کے سابق کوچ کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر مڈل آرڈر میں جو نام میں دیکھ رہا ہوں وہ آغا سلمان، اعظم خان، افتخار احمد،شاداب خان اور فخر زمان ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق سابق کپتان و کوچ مصباح الحق نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024 میں قومی ٹیم کے اسکواڈ کے لیے اپنے پسندیدہ مڈل آرڈر بیٹرز کے نام بتا دیئے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ ویسٹ انڈیز اور امریکا کے حالات کے مطابق صحیح مڈل آرڈر بلے بازوں کا انتخاب کرنا ضروری ہے جہاں ورلڈ کپ جون میں منعقد ہوگا۔ ایک اسپورٹس ٹاک شو میں بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ ممکنہ طور پر جو نام میں دیکھ رہا ہوں ان میں آغا سلمان ہیں، اعظم خان ہیں، افتخار احمد اور شاداب خان ہیں۔  
انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ بیٹنگ آرڈر میں اوپر سے نیچے تک استحکام ہونا چاہیے اور وہاں سے صورتحال کے مطابق ٹیم میں ردوبدل کیا جا سکتا ہے جبکہ یہ تسلیم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان کے ٹاپ آرڈر کے لیے صائم ایوب، بابر اعظم اور رضوان سب سے زیادہ مستحکم آپشن ہیں۔ 
مصباح الحق کے پسندیدہ آپشنز اعظم خان، شاداب خان، آغا سلمان اور افتخار احمد نے پی ایس ایل کے رواں سیزن میں اپنی اپنی فرنچائزز اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے لیے پرفارم کیا ہے۔ پی ایس ایل کے سابق چیمپئن نے فخر زمان کی ٹیم میں واپسی کے امکان کو بھی مسترد نہیں کیا اور کہا کہ ان کی خدمات ورلڈ کپ کے دوران کیریبین کنڈیشنز میں استعمال کی جا سکتی ہیں۔ ورلڈ کپ سے قبل پاکستان 12 میچ کھیلے گا۔ شاہینز 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں نیوزی لینڈ کا سامنا کریں گے اور انگلینڈ جائیں گے جہاں وہ آئرلینڈ کے ساتھ 3 ٹی 20 اور انگلینڈ کے ساتھ 4 ٹی ٹوئنٹی میچزکھیلیں گے۔ 
ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان کی مہم 6 جون سے شروع ہوگی جہاں اس کا مقابلہ میزبان امریکا کی ٹیم سے ہوگا۔