یہ خوف کارکردگی کا نہیں بلکہ عام تماشائیوں کا ہے کہ کہیں وہ میرے والدین کے سامنے مجھے پرچی پرچی نہ کہنے لگیں، اوپنر
ہر کھلاڑی کی تمنا ہوتی ہے کہ اس کے والدین کھیل کے میدان میں اپنی باصلاحیت اولاد کی پرفارمنس دیکھیں لیکن پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق ڈر کے مارے اپنے والدین کو گراؤنڈ میں نہیں لاتے، مگر وہ کیوں اپنے والدین کو گراؤنڈ نہیں لاتے اس کا اظہار انہوں نے خود ہی کردیا۔
امام الحق نے جو ان دنوں افغانستان کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے سری لنکا میں موجود ہیں، میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے والدین نے آج تک گراؤنڈ میں مجھے کھیلتے ہوئے نہیں دیکھا، اگرچہ میری بھی خواہش ہوتی ہے کہ والدین گراؤنڈ میں آکر میچ دیکھیں مگر وہ پرچے پرچے کے نعروں کے ڈر کی وجہ سے انہیں اسٹیڈیم نہیں لاتے۔
قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز نے کہا کہ یہ خوف اپنی کارکردگی کا نہیں بلکہ عام تماشائیوں کا ہے کہ کہیں وہ میرے والدین کے سامنے مجھے پرچی پرچی نہ کہنے لگیں اگر ایسا ہوا تو بہت افسوس ہوگا اور اسی ڈر کی وجہ سے آج تک والدین کو گراؤنڈ میں میچ دکھانے نہیں لایا۔
واضح رہے کہ امام الحق سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ بلے باز انضمام الحق کے بھتیجے ہیں۔ کیریئر کے آغاز میں ان پر اپنے چچا کی وجہ سے قومی ٹیم میں پرچی یعنی سفارش کی بدولت آنے کی چھاپ لگی لیکن انہوں نے تسلسل کے ساتھ پرفارمنس دکھا کر اس منفی پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دیا اور اپنی کارکردگی سے ٹیم کو کئی میچز جتوائے جس کے بعد وہ قومی ٹیم کی بیٹنگ میں ایک مستحکم بلے باز کی حیثیت رکھتے ہیں۔