news
English

مظلوم فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی: پیٹ کمنز، عثمان خواجہ کے حق میں سامنے آگئے

آئی سی سی نے عثمان خواجہ کو میچ کے دوران بلے اور کپڑوں پر سیاہ کبوتر اور شاخِ زیتون کے اسٹیکرز لگانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔

مظلوم فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی: پیٹ کمنز، عثمان خواجہ کے حق میں سامنے آگئے

غزہ اور فلسطین کے مظلوم شہریوں سے اظہار یکجہتی کے معاملے میں آسٹریلوی ٹیم کے پیٹ کمنز، عثمان خواجہ کے حق میں سامنے آگئے۔
آسٹریلوی ٹیم کے کپتان نے ایک بیان میں کہا کہ "وہ اس مقصد کے لیے ڈٹ کر کھڑا ہے جس کا وہ یقین کرتا ہے اور مجھے لگتا ہے کہ اس نے یہ واقعی احترام سے کیا ہے۔" 
آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے اسرائیلی بربریت اور جارحیت کا شکار غزہ کے شہریوں سے اظہار یکجہتی کے معاملے پر اوپننگ بیٹر عثمان خواجہ کی حمایت کردی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے عثمان خواجہ کو پاکستان کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران سیاہ کبوتر کے اسٹیکر کو اپنے بلے اور جوتوں پر شاخِ زیتون کا اسٹیکر لگانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔ 
گذشتہ روز عثمان خواجہ نے پریکٹس کے دوران جس لوگو کی نمائش کی تھی اس پر 01 یو ڈی ایچ آر کے الفاظ درج تھے جو انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کے آرٹیکل ون کا حوالہ ہے۔
پرتھ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران عثمان خواجہ کو مخصوص جوتے پہننے سے روک دیا گیا تھا جس پر ’آزادی ایک انسانی حق ہے‘ اور ’تمام زندگیاں برابر ہیں‘ کے نعرے درج تھے۔ 
آئی سی سی کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی بیٹر نے سیاست، مذہب یا نسل سے متعلق پیغامات کے حوالے سے کونسل کے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کی ہے۔
اس معاملے میں تازہ ترین پیشرفت کے مطابق آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے میلبرن میں میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ہم واقعی عثمان کی حمایت کرتے ہیں، عثمان خواجہ اپنے اس موقف کے ساتھ کھڑے ہیں جس پر وہ یقین رکھتے ہیں اور مجھے لگتا ہے انہوں نے یہ واقعی احترام اور انسانی ہمدردی کے ساتھ کیا ہے۔،،
پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ جیسا میں نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ ’تمام زندگیاں برابر ہیں، مجھے نہیں لگتا یہ بہت قابل اعتراض ہے اور میں کبوتر کے بارے میں بھی یہی کہوں گا۔ آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ مجھے لگتا ہے جس طرح سے عثمان خواجہ اس بارے میں بات کر رے ہیں وہ واقعی اپنا سر اونچا رکھ سکتے ہیں، لیکن اس حوالے سے قواعد موجود ہیں اور مجھے یقین ہے آئی سی سی نے کہا وہ اس کی منظوری نہیں دیں گے، کونسل جو قوانین بناتی ہے آپ کو ایک کھلاڑی کے طور پر اسے قبول کرنا ہوگا۔،،
واضح رہے کہ پاکستان کے خلاف پرتھ ٹیسٹ کے دوران عثمان خواجہ نے بازو پر سیاہ پٹی باندھی تھی جس پر آئی سی سی کی جانب سے ان کی سرزنش کی گئی تھی لیکن ان کا کہنا تھا کہ یہ ذاتی طور پر سوگ کے لیے تھا۔ بعد ازاں عثمان خواجہ نے ٹیسٹ میچ کے دوران بازو پر سیاہ پٹی باندھنے پر آئی سی سی کی جانب سے فرد جرم عائد کیے جانے کے اقدام کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔