news
English

بدزبانی کی سزا، جیمز پیٹنسن پاکستان کیخلاف آسٹریلوی اسکواڈ سے آؤٹ

اپنی غلطی اور سزا کو قبول کرتا ہوں، جیمز پیٹنسن کا اعتراف

بدزبانی کی سزا، جیمز پیٹنسن پاکستان کیخلاف آسٹریلوی اسکواڈ سے آؤٹ فوٹو: اے ایف پی

سڈنی: کرکٹ آسٹریلیا نے ڈومیسٹک میچ میں حریف ٹیم کے کھلاڑی سے بدزبانی پر جیمز پیٹنسن کو معطل کردیا ہے جس بعد اب وہ پاکستان کیخلاف برسبین ٹیسٹ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے پیسر جیمز پیٹنسن کے جرم کی تفصیلات تو نہیں بتائیں تاہم اتنا ضرور آگاہ کیا ہے کہ انہوں نے وکٹوریا اور کوئنز لینڈ کے درمیان ڈومیسٹک میچ میں فیلڈنگ کے دوران حریف کھلاڑی کے ساتھ بدزبانی کی ہے، جس کے بعد انہیں معطل کردیا گیا ہے اور اب پاکستان کیخلاف برسبین ٹیسٹ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

جیمز پیٹنسن کا کہنا ہے کہ میچ کی گرما گرمی میں ہونے والی حرکت پر معذرت خواہ ہوں، افسوس ہے کہ پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل پاؤں گا لیکن قوانین سب کے لیے ہیں، اپنی غلطی اور سزا کو قبول کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ جمعرات کو شروع ہونے والے اس میچ کی پلیئنگ الیون میں شمولیت کے لیے جیمز پیٹنسن اور مچل اسٹارک میں سخت مقابلہ تھا، دیگر بولرز جوش ہیزل ووڈ، پیٹ کمنز اور ناتھن لیون کی جگہ پکی نظر آرہی ہے،اب جیمز پیٹنسن کی معطلی نے مچل اسٹارک کا راستہ صاف کردیا ہے۔