news
English

مشکلات میں گھرے پی سی بی کو ایک اور دھچکا

نئے ڈومیسٹک نظام کے سلسلے میں سوئی سدرن گیس سے مالی معاونت کی میٹنگ ناکام

مشکلات میں گھرے پی سی بی کو ایک اور دھچکا فوٹو: اے ایف پی

مشکلات میں گھری پی سی بی کو ایک اوردھچکا لگ گیا، نئے ڈومیسٹک کرکٹ نظام کے لیے مالی معاونت کے سلسلے میں ہونے والی ملاقات میں سوئی سدرن گیس نے بھی ہری جھنڈی دکھا دی۔

پی سی بی کے وفد نے ایس ایس جی سی ہیڈ آفس میں ادارے کے ذمے داران سے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں بورڈ کے چیئرمین احسان مانی، ایم ڈی وسیم خان اورڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشید شامل تھے، اس موقع پرہارون رشید نے گراس روٹ اور ریجنل کرکٹ سمیت نئے نظام کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کرتے ہوئے مکمل بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ادارے میں کھلاڑیوں کی ملازمتیں برقرار رکھنے اور ایک صوبائی کرکٹ ٹیم کو اسپانسر کرنے کی بھی درخواست کی، سوئی گیس حکام نے پریزنٹیشن کو سراہتے ہوئے کسی مالی اعانت کے وعدے سے اجتناب برتا۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 4کے دوران پی سی بی کے  ذمہ داران  کونئے  ڈومیسٹک اسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لیے پی آئی اے،نیشنل اور اسٹیٹ بینک کے حکام سے ہونے والی ملاقاتوں میں بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔