news
English

کورونا سے جنگ میں پاکستانی کرکٹرز بھی شریک

ایمرجنسی فنڈکیلیے 50 لاکھ روپے عطیہ،بورڈ ملازمین بھی رقم دیں گے

کورونا سے جنگ میں پاکستانی کرکٹرز بھی شریک فوٹو: اے ایف پی

کورونا سے جنگ میں پاکستانی کرکٹرز بھی شریک ہوگئے، تمام سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز اور ملازمین مالی امداد کے ذریعے حکومتی ایمرجنسی فنڈ میں اپنا حصہ ڈالیں گے جب کہ پلیئرز مجموعی طور پر 50 لاکھ روپے عطیہ کریں گے۔

سینئر منیجرتک کے ملازمین ماہانہ تنخواہ میں سے ایک روز جبکہ جنرل منیجر اوربڑے عہدے پر موجود ملازمین 2 روز کی تنخواہ فنڈ میں عطیہ کریں گے۔ پی سی بی بطور ادارہ تمام عطیات اکٹھا کرکے حکومت کی جانب سے قائم کردہ فنڈ میں جمع کرائے گا۔

یاد رہے کہ عالمی ادارہِ صحت کورونا وائرس کو عالمی وباء  قرار دے چکا ہے۔ اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی احسان مانی  نے کہا کہ ہماری روایت ہے کہ  ہر مشکل وقت میں اپنی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں، یہ ہماری صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے علاوہ ہیلتھ ورکرز کیلیے بھی مشکل وقت ہے،ہم کورونا کیخلاف جنگ میں کامیابی کے لیے دعاگو ہیں تاکہ ہمارا معاشرہ جلد معمول کے مطابق چل سکے۔

انھوں نے کہاکہ پی سی بی  نے حکومت کا ساتھ دینے کے لیے یہ ایک چھوٹی سی کاوش کی ہے، ہمیں یقین ہے کہ معاشرے میں موجود دیگر سخی افرادکی طرح پی سی بی کے ملازمین اور کرکٹرز اپنے طور پربھی حکومتی فنڈ اور دیگر خیراتی اداروں میں عطیات دے رہے ہوں گے۔

احسان مانی نے مزید کہا کہ ایک قوم کی کامیابی کا اندازہ مشکل حالات میں اس کے اتحاد سے لگایا جاتا ہے، اس مشکل وقت میں ہم سب کو ایک ہوکر اس وباکا مقابلہ کرنا ہے۔ انھوں نے کہاکہ میں پوری قوم سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کرے، اس وبا سے محفوظ رہنے کا واحد راستہ احتیاط ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ ہم ایک باہمت قوم ہیں اور مجھے یقین ہے کہ سب مل کر اس کوروناکو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔