news
English

سات اضافی کھلاڑیوں کو قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ میں طلب کرلیا گیا

یہ کرکٹرز انیس مارچ سے شروع ہونے والے کیمپ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کی زیرنگرانی تربیت حاصل کریں گے

سات اضافی کھلاڑیوں کو قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ میں طلب کرلیا گیا فوٹو: پی سی بی

دورہ جنوبی افریقہ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ میں  سات اضافی کھلاڑیوں کو طلب کرلیا گیا ہے. 

ان کھلاڑیوں میں عماد بٹ، خوشدل شاہ، محمد عمران، فیصل اکرم، نسیم شاہ، شاہنواز دھانی اور زاہد محمود شامل ہیں.

یہ کرکٹرز انیس مارچ سے شروع ہونے والے کیمپ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کی زیرنگرانی تربیت حاصل کریں گے.

ان سات کھلاڑیوں میں شامل دو کرکٹرز شاہنواز دھانی اور زاہد محمود دورہ زمبابوے کے لیے اعلان کردہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بھی ہیں.

دوسری جانب، قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے اعظم خان اور صہیب مقصود کو بھی نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور طلب کرلیا ہے، جہاں یہ دونوں کرکٹرز این ایچ پی سی کے کوچز کی زیرنگرانی فزیکل ٹریننگ کریں گے. 

علاوہ ازیں، این ایچ پی سی کے کوچز کی زیر نگرانی ایک کیمپ چھبیس مارچ کو قومی اسکواڈ کی جنوبی افریقہ روانگی کے بعد بھی لگایا جائے گا. اس کیمپ میں ان کھلاڑیوں کو مدعو کیا جائے گا جو حال ہی میں قومی اسکواڈ سے ڈراپ ہوئے یا وہ جو پاکستان کرکٹ ٹیم کے پول کا حصہ ہیں. 

محمد وسیم، چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم:

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ میں طلب کردہ 7 کھلاڑیوں کے علاوہ مزید 2 کھلاڑیوں کو لاہور طلب کرنا ہماری اس پالیسی کا حصہ ہے کہ جس کے تحت ہم اپنے مایہ ناز کرکٹرز کو صلاحیتیں نکھارنے کے مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں.

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل وہ پچیس ایسے کھلاڑیوں کو بھی این ایچ پی سی طلب کر چکے ہیں کہ جو ایچ بی ایل پی ایس 6 کا حصہ نہیں تھے تاکہ وہ اعلیٰ پایہ کے کوچز کی این ایچ پی سی میں موجودگی کا بھرپور فائدہ اٹھاسکیں.