ترمیم شدہ شیڈول کے مطابق پاکستان اور بھارت کا میچ اب ایک روز قبل 14 اکتوبر کو احمد آباد میں ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ کپ کے شیڈول میں تبدیلی کی بھارتی درخواست پر رضامندی ظاہر کردی۔
ذرائع کے مطابق بھارت کا میچ جو 15 اکتوبر کو شیڈول کیا گیا تھا وہ اب 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان میچ 6 اکتوبر کو ہی حیدر آباد میں کھیلا جائے گا۔
ترمیم شدہ پروگرام کے مطابق قومی ٹیم کو ورلڈکپ میں اپنا دوسرا میچ سری لنکا کے ساتھ جو پہلے 12 اکتوبر کو کھیلنا تھا اس کو دو دن پہلے کردیا گیا ہے۔ یہ میچ اب 10 اکتوبر کو حیدرآباد میں ہوگا۔
پی سی بی نے ورلڈکپ میچز کے شیڈول میں ردوبدل پر بھارتی کرکٹ بورڈ حکام کو کوئی اعتراض نہ ہونے کا جواب بھجوا دیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی رضامندی ملنے کے بعد آئی سی سی حکام کی مشاورت سے باقاعدہ اپ ڈیٹ شیڈول جاری کرے گا۔
ترمیم شدہ شیڈول میں پاکستان اور بھارت کا اہم ترین میچ نوراتری کے باعث احمد آباد میں اب ایک روز پہلے 14 اکتوبر کو ہوگا جبکہ میگا ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہی ہوگا۔
ورلڈکپ کے آغاز سے شیڈول میں تبدیلی لاجسٹک ایشوز اور ہندوئوں کے مذہبی تہوار کی آمد کے باعث کیا گیا تھا۔