ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیم کا یہ دورہ 2021 کے بعد پاکستان کا دوسرا دورہ ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کی ویمن کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کردیا۔
ویسٹ انڈیز کی ویمن کرکٹ ٹیم تین ون ڈے انٹرنیشنل اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنے 14 اپریل کو کراچی پہنچے گی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ کے سلسلے میں پاکستان میں آخری سیریز ہوگی۔
اس دورے میں پانچ ٹی 20 اور تین ون ڈے میچز شامل ہیں، ون ڈے میچز 18، 21 اور 23 اپریل کو کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے جائیں گے جبکہ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز بھی اسی گرائونڈ میں کھیلے جائیں گے۔
ٹی ٹوئنٹی میچز 26، 28، 30 اپریل، 2 اور 3 مئی کو شیڈول ہیں، ون ڈے انٹرنیشنل میچز شام ساڑھے تین بجے شروع ہوں گے جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچز کا آغاز شام ساڑھے سات بجے ہوگا۔
پاکستان ویمنز ٹیم اس وقت آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں تیسرے نمبر پر ہے، پاکستان نے 18 میچز میں 16 پوائنٹس حاصل کیے ہیں جبکہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان آٹھویں نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کا2021 کے بعد دوسرا دورۂ پاکستان ہوگا۔