news
English

پی سی بی نے11 نوجوان خواتین کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹس دے دیئے

ڈومیسٹک کنٹریکٹ میں شامل 11 تازہ ترین کھلاڑیوں میں سے ایک پلیئر ابھرتی ہوئی خواتین کی کیٹیگری سے ہے جبکہ دیگر 10 کھلاڑیوں کا انتخاب ستمبر میں مریدکے میں ہونے والے ویمن انڈر 19 ٹی 20 ٹورنامنٹ میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

پی سی بی نے11 نوجوان خواتین کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹس دے دیئے

پاکستان میں ویمن کرکٹ میں ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے اور سپورٹ کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مزید 11 خواتین کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹس دے دیے ہیں، جس سے ڈومیسٹک کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی تعداد 80 ہوگئی ہے۔
ڈومیسٹک کنٹریکٹ میں شامل 11 تازہ ترین کھلاڑیوں میں سے ایک پلیئر ابھرتی ہوئی خواتین کی کیٹیگری سے ہے جبکہ دیگر دس کھلاڑیوں کا انتخاب اس سال ستمبر میں مریدکے میں ہونے والے ویمن انڈر 19 ٹی 20 ٹورنامنٹ میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ 
نوجوان کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی، ذکاء اشرف نے کہا کہ “ہمیں انڈر 19 کے ہونہار اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے جنہوں نے ہمارے حالیہ ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ میں غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ قدم پاکستان میں خواتین کی کرکٹ کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے پی سی بی اور اس کی انتظامی کمیٹی کے اراکین کے عزم کو واضح کرتا ہے۔ یہ معاہدے خواتین کی کرکٹ کے لیے بہت سی مثبت پیش رفتوں کا آغاز کرتے ہیں اور انتظامی کمیٹی بہترین انداز میں خواتین کی کرکٹ کی مکمل حمایت اور معاونت کرتی ہے۔" 
ویمن کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک کا کہنا تھا کہ "ہم مزید 11 نوجوان کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ دینے پر بہت پرجوش ہیں جنہوں نے ہمارے حالیہ ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ اقدام پاکستان میں خواتین کی کرکٹ کے مستقبل میں سرمایہ کاری کے لیے ہماری لگن کی عکاسی کرتا ہے۔ ہم اگلے انڈر 19 ورلڈ کپ کے منتظر ہیں اور یہ معاہدے خواتین کی کرکٹ میں ایک نئے دور کا آغاز ہیں۔
نومبر 2023 سے جون 2024 تک جن 11 کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ دیا گیا ان کی تفصیل درج ذیل ہے: 
اقصیٰ یوسف (ملتان)، اریشہ انصاری (اوکاڑہ)، حمیرا غلام حسین (کوئٹہ)، کائنات ایمان (کراچی)، میمونہ خالد (لاہور)، مبینہ احمد (راولپنڈی)، مقدّس بخاری (ملتان)، مسکان عابد (لاہور)، صبا شیر (لاہور)، سمیعہ افسر (لاہور) اور شمیر راجپوت (ملتان)