چیف سلیکٹر وہاب ریاض 2سے 3غیرملکی کوچز کے ساتھ رابطے میں ہیں، ذرائع
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) قومی ٹیم کے لیے بدستورغیر ملکی کوچ کی تلاش میں سرگرداں ہے جب کہ کسی موزوں شخصیت کے انتخاب کے لیے مزید ایک ہفتے انتظار کیا جائے گا۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے فرائض سونپنےکے لیے شین واٹسن مضبوط امیدوار تھے مگر اپنی فیملی کا خیال اور دیگر مصروفیات ان کے آڑے آگئیں، ڈیرن سیمی کا نام بھی لیا جارہا تھا مگر ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے ساتھ معاہدوں کی وجہ سے ان کے بھی دوڑ سے باہر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے اب بھی غیرملکی کوچ کی تلاش نہیں چھوڑی، چیف سلیکٹر وہاب ریاض 2سے 3غیرملکی کوچز کے ساتھ رابطے میں ہیں، کسی موزوں شخصیت کے انتخاب کے لیے مزید ایک ہفتےتک انتظار کیا جائے گا۔
نیوزی لینڈ سے ہوم ٹی 20سیریز کے لیے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 25مارچ سے شروع ہوگا جس کے لیے وقتی طور پر ملکی کوچز کی خدمات ہی لی جاسکتی ہیں، بولنگ کوچز سعید اجمل اورعمرگل کا پہلے ہی پی سی بی کے ساتھ 2سال کا معاہدہ موجود ہے۔
دوسری جانب سابق ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھراوردیگراسٹاف کی جس انداز میں رخصتی ہوئی اس کے بعد غیرملکی کوچز پی سی بی کے ساتھ وابستہ ہونے میں ہچکچاہٹ محسوس کررہے ہیں۔