news
English

پی سی بی نے 7.76 بلین روپے کا بجٹ منظورکرلیا

کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں 10 فیصد کٹوتی کی گئی

پی سی بی نے 7.76 بلین روپے کا بجٹ منظورکرلیا فوٹو: اے ایف پی

پی سی بی کا آئندہ مالی سال کیلیے 7.76 بلین روپے کا بجٹ منظور کرلیا گیا،کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں 10 فیصد کٹوتی کی گئی، کرکٹ سرگرمیوں پر  71.2فیصد صرف ہوں گے، انفرا اسٹرکچر پر 1.22بلین خرچ کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ہونے والے اجلاس میں پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز نے مالی سال 2020-21 کے لیے 7.76 بلین روپے پر مشتمل بجٹ کی منظوری دے دی،کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے صورتحال میں کفایت شعاری اپناتے ہوئے گذشتہ سال کی بانسبت 10 فیصد کٹوتی کردی گئی، بورڈ کی پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ گذشتہ سیزن  میں منعقدہ سرگرمیوں پر سمجھوتہ کیے بغیر رواں سال بجٹ کا 71.2 فیصد حصہ صرف کرکٹ کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

اس رقم  میں سے 25.2 فیصد ڈومیسٹک کرکٹ ایونٹس/کھلاڑیوں /میچ آفیشلز/سپورٹ اسٹاف کے کنٹریکٹ اورہائی پرفارمنس سینٹرکے اخراجات پر خرچ ہوگی، 19.3 فیصدانٹرنیشنل ہوم/اوے سیریز اور کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ پر لگیں گے،5.5 فیصد خواتین کی ہوم/اوے کرکٹ اور کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ پر خرچ کیے جائیں گے۔

19.7 فیصد پی ایس ایل 2021 اور 1.5 فیصد میڈیکل اور اسپورٹس سائنسز پر صرف ہوگا۔ کورونا کے باعث انٹرنیشنل ایونٹس کے انعقاد کا امکان واضح نہیں اور یہ حالات پی سی بی کے  کمرشل پروگرام پر بھی اثرانداز ہوسکتے ہیں، محصولات میں کمی کی پیش گوئی کردی گئی ہے، اسی لیے بی او جی نے انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے 1.22 بلین روپے کا ترقیاتی بجٹ منظور کرلیا، گذشتہ سال کی بانسبت اس رقم میں 800 ملین روپے کی کمی کر دی گئی ہے۔