news
English

بورڈ کا براڈ کاسٹر سے تنازع شدت اختیار کر گیا

ویسٹ انڈیزسے سیریزکے3ملین ڈالرنہ ملنے کا معاملہ گورننگ بورڈ میں زیربحث

بورڈ کا براڈ کاسٹر سے تنازع شدت اختیار کر گیا PHOTO: AFP

پی سی بی اور براڈ کاسٹر ادارے میں مالی امور پر تنازع شدت اختیار کرنے لگا۔

گزشتہ برس اپریل میں کیریبیئن کرکٹ ٹیم نے 3 ٹوئنٹی 20 میچز کھیلنے کیلیے پاکستان کا دورہ کیا تھا، چونکہ یہ سیریز فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ نہیں تھی،اس لیے کرکٹ بورڈ نے براڈکاسٹر سے تین ملین ڈالر فیس طلب کی۔

اس کا جواب تھاکہ اسے بھی معاہدے میں ہی شامل ہونا چاہیے لہذا اضافی ادائیگی کا جواز نہیں بنتا، اب 10 ماہ گذرنے کے باوجود یہ رقم بورڈ کو نہیں مل سکی ہے، سابق چیئرمین نجم سیٹھی مستعفی ہونے سے قبل اس کی انوائس جاری کرا گئے تھے اس لیے معاملہ اب ختم نہیں کیا جا سکتا۔

جمعرات کے روز لاہور میں پی سی بی گورننگ بورڈ کے سامنے بھی یہ تفصیلات رکھی گئیں، اس موقع پر فیصلہ ہوا کہ یہ کیس لیگل ڈپارٹمنٹ کو بھیجا جائے گا جو آپشنز دیکھ کر کوئی قدم اٹھائے گا۔

واضح  رہے کہ اپریل میں منعقدہ سیریز میں ویسٹ انڈیز کے کئی اسٹار کھلاڑی سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے شریک نہیں ہوئے تھے، پی سی بی نے منہ مانگا معاوضہ دے کر مہمان ٹیم کو دورے پر بلایا تھا، اس کا مقصد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی تھی، کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقدہ تینوں میچز پاکستان نے باآسانی جیت لیے تھے،میچز کے دوران بہترین سیکیورٹی انتظامات سے دنیا پر پاکستان کا اچھا تاثر گیا، البتہ کمزور مہمان ٹیم کے سبب براڈکاسٹر کیلیے مالی طور پر یہ سیریز منافع بخش نہیں رہی تھی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پی سی بی اس آپشن پر بھی غور کر رہا ہے کہ یہ رقم معاف یا کسی طرح ایڈجسٹ کر دی جائے، البتہ حتمی فیصلہ لیگل ٹیم سے مشاورت کے بعد ہی کیا جائے گا۔