محسن نقوی نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور نئے کوچنگ اسٹاف، نیوزی لینڈ سیریز سے قبل تربیتی کیمپ کی تاریخوں اور دیگر امور کے بارے میں آگاہ کیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ اب قومی ٹیم کی سلیکشن میرٹ پر ہوگی اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو ٹیم میں آنے کے لیے انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گزشتہ روز پی ایس ایل میں شریک پاکستانی کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اب قومی ٹیم میں تمام کھلاڑی میرٹ پر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کوچنگ اسٹاف کی تقرری کے لیے رابطے میں ہیں اور بہترین دستیاب افراد کو کوچنگ اسٹاف میں تعینات کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کسی نے غلط کیا ہے یا صحیح، تنقید نہیں کرنا چاہتا، ہم سب کا ایک ہی مشن ہے اور وہ ہے جیتنا، ہم جیت سکتے ہیں اور جیت اس وقت ممکن ہے جب سب اکٹھے ہوں۔
محسن نقوی نے زور دے کر کہا کہ اب کوئی جانبداری نہیں ہوگی، اچھے کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ بننے کے لیے انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ ٹیم کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر ہوگا۔
محسن نقوی نے عظیم مقصد کے لیے قربانیاں دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی پاکستان کے لیے کھیلنے کو ترجیح دیں، میں یہ نہیں کہوں گا کہ آپ کو پیسہ نہیں کمانا چاہیے، یا آپ سے ایسی قربانیاں دینے کے لیے کہوں گا جو ہم دینے کے لیے بھی تیار نہیں ہیں، لیکن میں آپ کو ایک مثال دیتا ہوں کہ ایک سال پہلے مجھے پنجاب کا وزیر اعلیٰ بننے کے لیے کہا گیا اور اس نے مجھے اپنے کاروبار میں مالی نقصان پہنچایا۔ مجھے اسے ایک طرف چھوڑنا پڑا اور کئی اضافی اخراجات اٹھانا پڑے لیکن میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کی خواہش رکھتا تھا، اس لیے مجھے یہ قربانی دینی پڑی۔